Tuesday , December 11 2018

اجمیر میں حیدرآبادی رباط کا 22 جون کو سنگ بنیاد

چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس، 20 بوگیوں پر مشتمل خصوصی ٹرین کا انتظام
شاہنواز قاسم نے اجمیر میں رجسٹریشن کا مرحلہ مکمل کیا
حیدرآباد ۔ 14 ۔جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 22 تا 25 جون کے درمیان اجمیر میں تلنگانہ زائرین کے لئے تعمیر کی جانے والی رباط کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ چیف منسٹر کے دفتر نے پروگرام کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کے سی آر نے کل رات فارم ہاؤز سے حیدرآباد واپسی کے بعد عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں رباط کے تعمیری کام کے آغاز کا منصوبہ تیار کیا گیا ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ 22 تا 25 جون کے درمیان سنگ بنیاد کی تاریخ طئے کریں اور حیدرآباد سے اجمیر تک خصوصی ٹرین کا انتظام کیا جائے۔ ریلوے حکام سے اس سلسلہ میں باقاعدہ درخواست کی گئی ہے کہ 20 بوگیوں پر مشتمل خصوصی ٹرین کا انتظام کریں تاکہ تلنگانہ کے 31 اضلاع سے تعلق رکھنے والی نمائندہ شخصیتوں کو اجمیر کی تقریب میں شرکت کا موقع دیا جائے۔ چیف منسٹر کے علاوہ ڈپٹی چیف منسٹر ، ریاستی وزراء اور مسلم عوامی نمائندوں کو تقریب میں شرکت کیلئے مدعو کیا جائے گا ۔ کے سی آر خصوصی ٹرین سے سفر کریں گے یا خصوصی طیارہ سے روانہ ہوں گے ، اس کا فیصلہ بعد میں کیا جاسکتا ہے۔ امکان ہے کہ چیف منسٹر وزراء کے ہمراہ خصوصی طیارہ سے روانہ ہوں گے۔ چیف منسٹر 22 جون کو سنگ بنیاد رکھنے کے حق میں ہیں۔ تاہم اس کا انحصار اجمیر میں تیاریوں پر رہے گا۔ 22 تا 25 جون کے درمیان کے تاریخوں کو اچھے دن تصور کیا جارہا ہے۔ لہذا چیف منسٹر ان ایام میں اجمیر کا دورہ کریں گے۔ وہ بارگاہِ غریب نواز پر حاضری دینگے ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ تحریک کے دوران چیف منسٹر نے اجمیر میں حاضری دی اور علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کی منت کی تھی۔ انہوں نے پانچ کروڑ کی لاگت سے اجمیر میں تلنگانہ زائرین کیلئے رباط کی تعمیر کا اعلان کیا۔ حکومت راجستھان سے اراضی کے الاٹمنٹ کے سلسلہ میں نمائندگی کی گئی اور ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی نے عہدیداروں کے ہمراہ راجستھان کا دورہ کرتے ہوئے اراضی کا معائنہ کیا تھا۔ مختلف مقامات پر معائنہ کے بعد ایک جگہ اراضی طئے کی گئی اور راجستھان حکومت نے ایک ایکر اراضی مختص کی ہے۔ اسی دوران ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم آئی پی ایس آج صبح ہنگامی طور پر اجمیر روانہ ہوئے جہاں انہوں نے اراضی کے رجسٹریشن کے مراحل کی تکمیل کی۔ تلنگانہ حکومت کے حق میں رجسٹریشن کے بعد سنگ بنیاد کی تقریب کی راہ ہموار ہوچکی ہے۔ چیف منسٹر اجمیر روانگی سے قبل رباط کی عمارت کے پلان کو قطعیت دینے کے حق میں ہیں۔

TOPPOPULARRECENT