Friday , December 15 2017
Home / Top Stories / احمد پٹیل … سونیا گاندھی کے بااعتماد مددگار ، کانگریس کے حکمت ساز

احمد پٹیل … سونیا گاندھی کے بااعتماد مددگار ، کانگریس کے حکمت ساز

احمد آباد۔9 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سینئر کانگریس عہدیدار احمد پٹیل جو گجرات میں راجیہ سبھا الیکشن میں سخت مقابلے کے بعد کامیاب ہوئے، انہوں نے پارٹی کے لیے مشکلات دور کرنے اور حکمت ساز لیڈر کے طور پر اپنی ساکھ بنائی ہے۔ پارٹی کے معتبر ذرائع کے مطابق صدر کانگریس سونیا گاندھی کے طویل عرصہ سے معتمد سیاسی رہنے والے احمد پٹیل پارٹی کے طاقتور ترین عہدیداروں میں سے ہیں۔ تنظیم کے لیے وقف شخصیت کی حیثیت سے انہوں نے مرکز میں 4 وزرائے اعظم کی جانب سے حکومت میں شامل ہونے کی پیشکشوں کو شکریہ کے ساتھ ٹھکرایا ہے جب کانگریس برسر اقتدار رہی۔ نہرو۔گاندھی فیملی کے وفادار احمد پٹیل نے گجرات کی 7 مرتبہ پارلیمنٹ میں نمائندگی کی ہے۔ 3 بار وہ بھڑوج سے وہ رکن لوک سبھا رہے اور مسلسل 4 مرتبہ راجیہ سبھا رکن رہنے کے بعد پھر سے ایوان بالا کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔ 5 ویں راجیہ سبھا میعاد کے لیے مقابلہ 67 سالہ لیڈر کے لیے سب سے زیادہ چیلنج والا ثابت ہوا۔ انہوں نے بلونت سنہہ راجپوت کو شکست دی، جو چند ہفتے قبل تک ریاستی اسمبلی میں کانگریس کے چیف وہپ تھے اور یکایک بی جے پی کی طرف منتقل ہوگئے۔ احمد پٹیل کو دو دہوں میں گجرات میں پہلی مرتبہ منعقدہ راجیہ سبھا چنائو میں 44 ووٹ حاصل ہوئے۔ بڑی پارٹیوں کے نامزد امیدواروں کے بلامقابلہ انتخاب نہ ہونے کی وجہ سے رائے دہی کرانا پڑا۔ احمد پٹیل نے گزشتہ رات ڈرامائی تبدیلیوں کے بعد آخرکار جیت درج کرائی جبکہ الیکشن کمیشن نے بڑی اپوزیشن پارٹی کے دو ناراض ایم ایل ایز کے ووٹوں کو انتخابی قواعد کی خلاف ورزی کی پاداش میں مسترد کردیا۔ احمد پٹیل نے اپنی جیت کے بعد ٹوئٹ میں کہا کہ یہ صرف میری کامیابی نہیں بلکہ یہ پیسے کی طاقت، دادگری اور سرکاری مشنری کے بے جا استعمال کی صریح شکست ہے۔ پارٹی ورکرس کا کہنا ہے کہ احمد پٹیل کی اکثر و بیشتر قطعی رائے ہوتی ہے کہ گجرات میں پارٹی کا سربراہ کسے ہونا چاہئے یا یہ کہ میئر کا الیکشن کسے لڑنا چاہئے۔

امیت ، سمرتی کو مودی کی مبارکباد
نئی دہلی ، 9 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج مرکزی وزیر سمرتی ایرانی اور بی جے پی سربراہ امیت شاہ کو راجیہ سبھا کیلئے گجرات سے منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ امیت اور سمرتی پہلی مرتبہ ایوان بالا میں داخل ہورہے ہیں، جس کیلئے چناؤ گزشتہ روز منعقد کئے گئے۔ وزیراعظم نے امیت کو بی جے پی سربراہ کی حیثیت سے تین سال کی تکمیل پر بھی مبارکباد دی اور نشاندہی کی کہ زعفرانی پارٹی کی اساسی طاقت اس مدت کے دوران بڑھی ہے۔ مودی نے کہا کہ امیت کی قیادت میں بی جے پی نے اپنی بنیادوں کو کئی علاقوں تک پھیلایا اور سرگرمی سے تعمیر قوم کیلئے کام کیا ہے۔

 

TOPPOPULARRECENT