Sunday , November 19 2017
Home / اضلاع کی خبریں / اخلاص ، اللہ کی خوشنودی سے زندگی میں تبدیلی

اخلاص ، اللہ کی خوشنودی سے زندگی میں تبدیلی

اوٹکور میں جماعت اسلامی کے اجتماع سے مولانا عبدالمجید کا خطاب
اوٹکور 12 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مولانا عبدالمجید اسوسی ایٹ پروفیسر دکن کالج آف انجینئرنگ حیدرآباد و ناظم علاقہ جنوبی تلنگانہ جماعت اسلامی ہند نے اوٹکور میں منعقدہ تربیتی و تنظیمی اجتماع عام میں صدارتی خطاب میں کہاکہ اللہ تعالیٰ نے بے شمار نعمتیں بن مانگے دی ہیں جبکہ دو چیزیں ایسی ہیں جو مانگنے سے ملتی ہیں۔ وہ اللہ کی محبت اور ہدایت۔ اُنھوں نے کہاکہ آج ہماری عبادتیں صرف ظاہری شکل میں باقی رہ گئی ہیں جبکہ اصل روح ختم ہوگئی ہے۔ اس لئے انھوں نے نصیحت کی کہ ہمارے اندر اخلاص ہو۔ خدا کی خوشنودی پیش نظر ہو تو ہماری زندگی میں تبدیلی آسکتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایمان کی دولت سے نواز کر جو شرف دیا ہے، اس کے ساتھ ذمہ داریاں بھی ڈال دی ہیں جن کا حق ادا کرنا ہمارا فرض ہے۔ اللہ کے رسول ﷺ نے کہاکہ پڑوسیوں کا خیال رکھو، ماں باپ کی فرمانبرداری کرو، زکوٰۃ ادا کرو اور اپنی اولاد کو دوزخ کی آگ سے بچاؤ۔ قرآن حکیم کا ارشاد ہے کہ لوگو اپنے آپ کو اور اپنے اہل و عیال کو دوزخ کی آگ سے بچاؤ۔ اولاد جو انسان کا سرمایہ ہوتا ہے جس کی اچھی تربیت ، اس کی موت کے بعد بھی اس کے لئے ثواب جاریہ ہوتی ہے۔ مولانا نے کہاکہ ہر نیک کام کا مقصد اللہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی ہی ہوتا ہے اور نیکی کا اجر صرف اللہ کے ذمہ ہے۔ دین کی سربلندی کے لئے جو قربانیاں دی جاتی ہیں، وہ اللہ کے پاس محفوظ ہیں۔ قرآن مجید ایک انقلابی کتاب ہے جس نے بھی اس کتاب کو مضبوطی کے ساتھ تھاما، اللہ تعالیٰ نے اسے عزت و سربلندی عطا کی۔ جماعت اسلامی کے ذمہ داران نے کہاکہ اللہ کی راہ میں دی جانے والی قربانیاں ہرگز ضائع نہیں جائیں گی کیوں کہ اللہ تعالیٰ کسی کے اجر کو ضائع نہیں کرتا۔ اجتماع کا آغاز مولوی مجاہد صدیقی امیر مقامی نارائن پیٹ جماعت اسلامی کے درس قرآن سے ہوا۔ ناظم ضلع احمد خان یوسف زئی نے جماعت اسلامی کے مقصد اور طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔ امیر مقامی جناب عبدالخالق کلاں بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اجلاس کی کارروائی برادر جاوید نے چلائی۔ مرد و خواتین کی کثیر تعداد اس اجتماع میں موجود تھی۔

TOPPOPULARRECENT