Thursday , September 20 2018
Home / عرب دنیا / اخوان المسلمین کو خوش آمدید کہا جائے گا: ترکی

اخوان المسلمین کو خوش آمدید کہا جائے گا: ترکی

انقرہ۔ 16ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ترکی کے اعلیٰ عہدیداروں نے اشارہ دیا ہے کہ قطر سے نکالے گئے اخوان المسلمین کے رہنماؤں اور ارکان کو ترکی میں خوش آمدید کہا جائے گا۔ عرب ٹی وی کے مطابق اخوان المسلمین کے حمایت یافتہ پہلے منتخب مصری صدر محمد مرسی کی پچھلے سال 3 جولائی کو فوج کے ہاتھوں برطرفی کے بعد ماہ دسمبر میں اخوان المسلمین پر بھی پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ اب مرسی کو برطرف کرنے والے جنرل عبدالفتاح السیسی کے صدر بننے کے بعد اخوان المسلمین کیلئے قطر میں بھی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

قطری حکومت قبل ازیں اخوان کی حمایت کرتی رہی ہے لیکن اب متحدہ عرب امارات کے دباؤ کے نتیجے میں قطری حکومت کیلئے اخوان کے لوگوں کو اپنے ہاں قیام کرانا مشکل ہو گیا ہے۔ اس صورت حال میں لندن میں مقیم ایک اخوان لیڈر نے ہفتے کے روز انکشاف کیا تھا کہ قطر نے 7سینئر اخوانی رہنماؤں کو قطر چھوڑ کر چلے جانے کیلئے کہہ دیا ہے۔ ترکی کی اعلی شخصیات نے اس وجہ سے اخوان رہنماؤں کو اپنے ہاں آنے کی اجازت دینے اور ان کا خیر مقدم کرنے کا کہا ہے۔ دریں اثنا ترک ٹی وی نے ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان کے قطر کے سرکاری دورے سے واپس آ جانے کا بتایا ہے۔ قبل ازیں خطے میں صرف ترکی اور قطر دو ایسے ملک رہے ہیں جو مرسی کی فوج کے ہاتھوں برطرفی کے بعد بھی حمایت کرتے رہے ہیں۔ لیکن اب قطر کے موقف میں بھی کمزوری آ گئی ہے۔ اس کے مقابلے میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نئے مصری حکمران جنرل ریٹائرڈ عبدالفتاح السیسی کی حمایت کرتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT