Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / ادارہ سیاست کی جانب سے مسلم نعشوں کی تدفین

ادارہ سیاست کی جانب سے مسلم نعشوں کی تدفین

حیدرآباد ۔ 8 اگسٹ ۔ ( سیاست نیوز ) جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست کو الوال چرچ ہوم کا مراسلہ وصول ہوا جس میں محمد عارف جو چرچ ہوم میں زیرپرورش تھے انتقال کے بعد تدفین کی د رخواست کی گئی ۔ دوسرا مراسلہ HOD عثمانیہ دواخانہ سے وصول ہوا جس میں سید حفیظ ہاشمی کی تدفین کی درخواست کی گئی تھی اس کے علاوہ مختلف پولیس اسٹیشنوں سے 15 مراسلے تدفین کی درخواست کے وصول ہوئے اس طرح جملہ 17 مسلم نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ اور گاندھی ہاسپٹل سے حاصل کرکے قبرستان کوکٹ پلی میں تدفین عمل میں لائی گئی ۔ ڈاکٹر محمد تقی الدین ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹ عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کی نگرانی میں غسل کا اہتمام کیا گیا ۔ نماز جنازہ مولانا سید خواجہ معزالدین اشرفی و خطیب مسجد محمدیہ کشن باغ و خلیفہ حضرت شیخ الاسلام سید محمد مدنی اشرفی جیلانی حفظہ اﷲ تعالیٰ نے دواخانہ عثمانیہ ہی میں پڑھائی ۔ مولانا نماز جنازہ پڑھاتے ہوئے بے اختیار رونے لگے اور بعد ازاںـ کہاکہ کسی گھر میں انتقال ہوجانے پر اُس گھر کی کیفیت کا اندازہ لگایا نہیں جاسکتا ،آج ان بے بس و مجبور نعشوں پر کوئی آنسو بہانے والا نظر نہیں آتا ان کے ورثاء اُن کو کہاں کہاں ڈھونڈ رہے ہوں گے اﷲ پاک ہی بہتر جانتے ہیں ۔ اﷲ پاک اُن کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔ مولانا نے کہاکہ اے اﷲ اس نیک کام میں جن جن حضرات نے کسی بھی طریقے سے تعاون کیا ہو ان کو اجر عظیم عطا فرمائے ۔ جناب غلام مصطفی غوری ریٹائرڈ انسپکٹر پولیس فتح شاہ نگر نے کہا دوران ملازمت مسلم نعشوں کو پولیس کے ذریعہ بلدیہ کے حوالے کیا جاتا تو بے حد دکھ ہوا تھا اور یہ آرزو ہوتی تھی کہ کوئی مسلم تنظیم اس کام کی ذمہ داری لے ۔ اخبار سیاست میں تدفین کی خبر پڑھ کر بے حد مسرت ہوتی ہے ۔ اﷲ پاک زاہد علی خان صاحب کو اور ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کو اجر عظیم عطا فرمائے ۔ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست نے شیخ عبدالعزیز صدر قبرستان و عید گاہ کوکٹ پلی کا شکریہ ادا کیا۔

TOPPOPULARRECENT