Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / ادارہ سیاست کے زیر اہتمام اردودانی و زبان دانی کے امتحانات

ادارہ سیاست کے زیر اہتمام اردودانی و زبان دانی کے امتحانات

ریاست و بیرون ریاست امیدواروں میں زبردست جوش و خروش ‘ طلبا و طالبات کے علاوہ گھریلو خواتین بھی شریک امتحان
حیدرآباد ۔ 5؍ جون (سیاست نیوز)  عابد علی خان ایجوکیشنل ٹرسٹ (ادارہ سیاست) کے زیر اہتمام ‘ ادارہ ادبیات اُردو پنجہ گٹہ حیدرآباد کے اشتراک سے تین درجات کے ابتدائی امتحانات اُردو دانی ‘ زبان دانی ‘ انشاء کا انعقاد عمل میں آیا ۔ شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں 98 مراکز کا قیام عمل میں آیا ۔ اضلاع تلنگانہ و آندھراپردیش میں مراکز (24) قائم کئے گئے ۔ دیگر پڑوسی ریاستوں میں (3) مراکز پر تقریباً شریک امتحان 997  رہے۔ گرمائی تعطیلات سے  استفادہ کرتے ہوئے اُردو کی ترقی و ترویج اور اُس کی بقاء کے لئے عابد علی خان ایجوکیشنل ٹرسٹ جون 1994 ء سے کام کر رہا ہے ۔ محبوبیہ اسلامی اسکول نزد بنگلہ بینی دبیرپورہ حیدرآباد پر بھی مسلسل جون 1994ء سے طلبا و طالبات اور گھریلو خواتین کو اُردو سکھانے کا سلسلہ جا ری ہے ۔ مدرسہ دینیہ رشیدیہ و شاہ حسین ؒ واقع الاوہ بی بی دبیرپورہ حیدرآباد پر آج کے اس معائنہ کے موقع پر جناب ڈاکٹر سید شاہ یوسف حسینی  قادری ( صدر سوسائٹی) کی موجودگی میں  171 طلبا و طالبات اور گھریلو خواتین اُردو دانی ‘ زبان دانی ‘ انشاء کے امتحان میں شرکت کی ۔ اقراء  و اصلاح  مرکز حشمت پیٹ پر محترمہ ریحانہ سلطانہ صاحبہ کی نگرانی میں طلباء و طالبات نے امتحان لکھا ۔ مرکز العطا پبلک اسکول آصف نگر جھرہ میں طلبہ جوش و خروش سے امتحان لکھتے ہوئے پائے گئے ۔ ثمینہ ودیا بھون تالاب کٹہ پر محترمہ اسماء نے ممتحن کے فرائض انجام دیئے ۔ مدرسہ جعفریہ دارالشفاء پر جناب مظہر حسین نے بڑی دلچسپی سے طلبہ کو اُردو سیکھایا مرکز باب العلوم نور خان بازار میں جناب ایم ایس حسین عرصہ دراز سے اُردو کی ترقی اور نئی نسل کو اُردو سے روشناس کروانے میں منہمک ہیں ۔ مدرسہ فیض الاسلام شاہ گنج میں بچے بڑی دلچسپی سے پرچہ لکھ رہے تھے ۔ مدرسہ تعلیم القرآن علی آباد پر معائنہ کے بعد ایک طالب علم نے کہا کہ مجھے فن خطاطی کا بھی شوق ہے ۔ نصیر کوچنگ سنٹر یاقو ت پورہ پر جناب شجاعت علی صاحب نے تپتی دھوپ میں بھی آ کر طلبہ کو تعلیم دی اور امتحان لیا ۔ مدرسہ بنت الحرم مکہ مسجد میں محترمہ سیدہ زینب صاحبہ نے امتحانات کی نگرانی کی ۔ محبوب حسین جگر ہال میں کثیر تعداد شریک تھی  امتحان کی محترمہ رابعہ فاطمہ اور محمد احمد نے نگرانی کی ۔ عابد روڈ پر کالجس میں زیر تعلیم طلبہ اور گھروں پر ٹرسٹ کی جانب سے کتابیں لیجا کر اُردو سیکھنے کے بعد شریک امتحان ہوئے ۔ ان امتحانات میں شادی شدہ خواتین اور غیر اُردوداں ضعیف حضرات نے اُردو سیکھ کر شریک امتحان ہوئے ۔کمسن لڑکے و لڑکیاں خوشی خوشی سنٹر کی طرف امتحان  دینے کے لئے آ رہے تھے ۔ عابد علی خان ایجوکیشنل ٹرسٹ ادارہ  ادبیات اُردو پنجہ گٹہ کے تعاون سے سنٹرز پر معائنہ کے لئے وفد کو روانہ کیا گیا ۔ اس وفد کی رہنمائی جناب محمد برکت علی نے کی ۔ خواتین گروپ میں محترمہ نکہت آراء  شاہین انچارج پرنسپل اورینٹل اردو کالج حمایت نگر ‘ محترمہ عائشہ جبین ‘ محترمہ نجمہ جبین ‘ ریسرچ اسکالر (مانو) نے معائنہ کیا ۔ ایک وفد جس میں پروفیسرمحمد انورالدین (سابق صدر شعبہ اُردو ‘ یونیورسٹی ‘ جناب ڈاکٹر محمد بشیرالدین ‘پراجیکٹ آفیسر نظام کالج ‘ جناب محمد اسماعیل خان لکچرار اُردو نظام کالج ‘ ڈاکٹر ناظمہ علی ( سابق پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج نظام آباد ‘ جناب ڈاکٹر شیخ سیادت علی ‘نئی دہلی ’ جناب ڈاکٹر سید احمد نے مختلف مراکز کا معائنہ کرکے طلبہ سے سوالات کئے اور انکی تحریروں کا معائنہ کیا اور ایک وفد میں جناب محمد الطاف حسین ‘ محترمہ منور خاتون ‘ محترمہ ریشماء خانم شامل تھے ۔

TOPPOPULARRECENT