Wednesday , December 19 2018

ادارہ سیاست کے ’دوبدو‘پروگرام کی بے پناہ مقبولیت

شیعہ طبقہ کیلئے علحدہ سہولت فراہم کرنے کی تجویز،ممکنہ تعاون کی پیشکش

شیعہ طبقہ کیلئے علحدہ سہولت فراہم کرنے کی تجویز،ممکنہ تعاون کی پیشکش
حیدرآباد 23 ستمبر (سیاست نیوز) ادارہ سیاست کی جانب سے رشتوں کے انتخاب کیلئے چلائے جانے والے خصوصی پروگرام ’’دوبدو‘‘ کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور کئی خاندان اس پروگرام سے متاثر ہوتے ہوئے اپنے لڑکے لڑکیوں کے رجسٹریشنس کروارہے ہیں۔ ادارہ سیاست کی جانب سے لڑکے لڑکیوں کی شادی میں سہولت کی فراہمی کی غرض سے دوبدو پروگرام کا آغاز کیا گیا تھا اور اس پروگرام کے کامیابی کے ساتھ انعقاد کو دیکھتے سیرت زہرا کمیٹی کے ذمہ داران نے جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست ، جناب ظہیر الدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست سے ملاقات کرتے ہوئے اب تک کہ کامیاب دوبدو پروگرامس پر مبارکباد پیش کی ۔ علاوہ ازیں اس بات کی خواہش کی کہ شیعہ طبقہ کیلئے علحدہ دوبدو پروگرام کے انعقاد اور رجسٹریشن کی سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جائے تا کہ شیعہ طبقہ میں لڑکے اور لڑکیوں کی شادی کیلئے سہولتوں کی فراہمی ہوسکے ۔ جناب علی رضا صدر سیرت زہرا کمیٹی کے علاوہ فراز رضوی ،میر اعجاز علی ، میر قاسم علی باسط ،سید کیف حسین اور سید دلاور حسین نے جناب زاہد علی خان اور ظہیر الدین علی خان سے ملاقات کے دوران بتایا کہ شادیوں کیلئے لڑکے لڑکیوں کا انتخاب ایک انتہائی مشکل ترین عمل بن چکا تھا۔ لیکن ادارہ سیاست کی جانب سے دوبدو کے انعقاد کے ذریعہ اس مسئلہ کو باآسانی حل کرلیاگیا ۔ سیرت زہرا کمیٹی کے عہدیداروں نے بتایا کہ شیعہ طبقہ میں بھی یہ مسائل موجود ہیں اور ان مسائل کے حل کیلئے یہ ضروری ہے کہ انہیں بھی اس طرح کی علحدہ سہولت فراہم کی جائے تا کہ شیعہ لڑکے اور لڑکیوں کی شادیوں میں ہونے والی دشواریوں کو دور کرنے کے اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے ۔ جناب علی رضا نے بتایا کہ اگر ادارہ سیاست کی جانب سے علحدہ دوبدو پروگرام کے انعقاد کیلئے اقدامات کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں سیرت زہرا کمیٹی کے علاوہ دیگر تنظیموں کی جانب سے بھی ممکنہ تعاون فراہم کیا جائے گا تا کہ شادی بیاہ کے معاملات میں پیش آنے والی دشواریوں کو دور کیا جاسکے ۔جناب زاہد علی خان نے ملاقات کرنے والے سیرت زہرا کمیٹی کے ذمہ داروں کو اس بات کا تیقن دیا کہ وہ اس سلسلہ میں مشاورت کے بعد قطعی فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سیاست اپنے قارئین کے علاوہ شہریان حیدرآباد کیلئے فلاحی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان ہی سرگرمیوں کے ذریعہ ملت کی پسماندگی کو دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔جناب زاہد علی خان نے بتایا کہ ادارہ سیاست کی جانب سے دوبدو پروگرام کے انعقاد کا جو منصوبہ تیار کیا گیا اس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ سیرت زہرہ کمیٹی کے ذمہ داران نے دوبدو پروگرام کے علاوہ سیاست کی دیگر فلاحی سرگرمیوں کی بھی ملاقات کے دوران ستائش کی۔

TOPPOPULARRECENT