Sunday , November 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / اذلان شاہ کپ : 18 رکنی ہندوستانی ٹیم کا اعلان

اذلان شاہ کپ : 18 رکنی ہندوستانی ٹیم کا اعلان

میزبان ملائیشیا کے علاوہ پاکستان، آسٹریلیا و دیگر کی 6 اپریل سے مسابقت
نئی دہلی ، 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہاکی انڈیا نے آج سردار سنگھ زیرقیادت 18 رکنی انڈین ٹیم کا اعلان کیا جو سلطان اذلان شاہ کپ کے 25 ویں ایڈیشن میں حصہ لے گی، جسے 6 تا 16 اپریل آئپوہ، ملائیشیا میں منعقد کیا جارہا ہے۔ ہندوستان کے علاوہ نیوزی لینڈ، 2012ء کے اولمپک برونز میڈلسٹ آسٹریلیا، پاکستان، جاپان، کناڈا اور میزبان ملائیشیا اس سالانہ ٹورنمنٹ میں حصہ لیں گے۔ سردار سنگھ ہندوستانی ٹیم کے کپتان ہوں گے جبکہ ایس سنیل وائس کیپٹن کی حیثیت سے اُن کی مدد کریں گے۔ دو گول کیپرز ہرجوت سنگھ اور آکاش انیل چکٹے کے علاوہ انڈین اسکواڈ میں پانچ ڈیفنڈرز (روپندر پال سنگھ، جسجیت سنگھ کولار، کوٹھاجیت سنگھ، سریندر سنگھ، ہرمن پریت سنگھ) رہیں گے۔ مڈفیلڈ کی باگ ڈور ہنرمند سردار کے پاس رہے گی اور اُن کی اعانت دانش مجتبیٰ، چنگلیسانا سنگھ، من پریت سنگھ، ایس کے اتھپا، ہرجیت سنگھ کریں گے۔ ہندوستان کی فارورڈ لائن سنیل، تلوندر سنگھ، مندیپ سنگھ، رمن دیپ سنگھ، نکن تھمیا پر مشتمل رہے گی۔ اب جبکہ 2016ء ریو اولمپکس کو چند ماہ باقی رہ گئے ہیں، سلطان اذلان شاہ کپ ٹیم کی تیاریوں کی جانچ ہوسکے گی کہ وہ سال کے انتہائی اہم ٹورنمنٹ کیلئے کس حد تک تیار ہیں۔ سردار سنگھ نے کہا کہ ہندوستان کا سلطان اذلان شاہ کپ میں اچھا ریکارڈ ہے اور ہم اسے یونہی برقرار رکھنا چاہیں گے۔ یہ اولمپک سال ہونے کے ناطے اس ٹورنمنٹ کی خصوصی اہمیت ہے کیونکہ اس سے ہمیں اندازہ ہوسکے گا کہ ہم کس موقف میں ہیں۔ اچھی ٹیموں جیسے آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور پاکستان اور ملائیشیا کو بھی فراموش نہ کریں، اُن کے خلاف کھیلنے سے ٹیم کو مسابقتی پہلو سے تجربہ حاصل ہوگا۔ اس ٹورنمنٹ میں اچھا موقع رہے گا کہ نئی چیزوں کی آزمائش کی جائے اور نئی ترکیبوں کے ساتھ کھیلیں اور دیکھیں کہ آیا وہ کارگر ہوتی ہیں۔ ہندوستان کا سلطان اذلان شاہ کپ میں اچھا ٹریک ریکارڈ رہا ہے۔ وہ اس باوقار ٹورنمنٹ کو پانچ مرتبہ 1985ء، 1991ء، 1995ء، 2009ء اور 2010ء میں جیتے، جبکہ وہ چھ مرتبہ برونز میڈلس حاصل کئے اور ایک مرتبہ 2008ء میں رنرز اپ کے طور پر اختتام کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT