Thursday , January 17 2019

اراضی سروے مقررہ وقت پر مکمل کرنے اور نقائص نہ رکھنے کی ہدایت

پرنسپل سکریٹری ریونیو بی آرمینا کی ضلعی کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد ۔22۔ نومبر (سیاست نیوز) ریاست میں جاریہ اراضی سروے کا جائزہ لینے کیلئے پرنسپل سکریٹری ریونیو بی آر مینا نے آج ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کی۔ اس موقع پر محکمہ اقلیتی بہبود کے علاوہ جنگلات، انڈومنٹ اور دیگر محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ بی آر مینا اور چیف منسٹر کے دفتر کے اعلیٰ عہدیداروں نے کلکٹرس سے سروے کی پیشرفت کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر سروے کی مقررہ وقت پر تکمیل اور نقائص کے بغیر انجام دہی کے حق میں ہیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے ضلع کلکٹرس سے خواہش کی کہ اوقافی اراضیات کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں ریونیو ریکارڈ میں درج کریں۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی جانب سے منڈل سطح کی اراضیات کی تفصیلات کے ساتھ دستاویزات ضلع کلکٹرس کو روانہ کی گئی ہیں۔ کلکٹرس کو چاہئے کہ وہ ماتحت عہدیداروں کو اوقافی اراضیات کے ریکارڈ کے مطابق اراضی درج کرنے کی ہدایت دیں۔ کلکٹر ورنگل اربن نے بتایا کہ ضلع میں تقریباً 300 ایکر اراضی کے بارے میں بعض خانگی افراد اپنی دعویداری پیش کر رہے ہیں۔ وہ او آر سی کی اجرائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود عمر جلیل اور چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ منان فاروقی نے ضلع کلکٹر کو بتایا کہ اراضی کے سلسلہ میں تمام تفصیلات روانہ کی جارہی ہیں، لہذا او آر سی کی اجرائی میں عجلت نہ کی جائے۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس سے خواہش کی کہ وہ وقف بورڈ کے ریکارڈ کے مطابق کارروائی کریں۔ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے کلکٹرس سے خواہش کی کہ جہاں بھی جنگلات کی اراضی پائی جائے اسے ریکارڈ میں فاریسٹ لینڈ کی حیثیت سے شامل کیا جائے اور اگر اراضی کے بارے میں کوئی تنازعہ ہو تو اس کی ساتھ میں نشاندہی کردی جائے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT