Tuesday , August 14 2018
Home / شہر کی خبریں / اردو آفیسرس امتحانات کے نتائج اندرون ایک ہفتہ متوقع

اردو آفیسرس امتحانات کے نتائج اندرون ایک ہفتہ متوقع

پرچوں کی جانچ مکمل،روسٹر سسٹم کے اعتبار سے میرٹ لسٹ کی تیاری: پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد۔/10جون، ( سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود میں 66 اردو آفیسرس کے امتحانات کے نتائج توقع ہے کہ اندرون ایک ہفتہ جاری کردیئے جائیں گے۔ گریڈ II کی 60 جائیدادوں کیلئے میرٹ کی بنیاد پر امیدواروں کی فہرست جاری کردی جائیگی جبکہ گریڈ I کی 6 جائیدادوں کے امیدواروں کے انٹرویو کیلئے کچھ وقت لگ سکتا ہے۔ واضح رہے کہ 66 جائیدادوں کیلئے 20 مئی کو امتحانات کا انعقاد عمل میں آیا تھا جس میں 4000 سے زائد امیدواروں نے شرکت کی تھی۔ حکومت نے امتحانات کے انعقاد اور پرچوں کی جانچ کے ساتھ میرٹ لسٹ کی تیاری کی ذمہ داری جواہر لعل نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی کو دی ہے اور تلنگانہ اردو اکیڈیمی نوڈل آفیسر کا رول ادا کررہی ہے۔ جے این ٹی یو نے گریڈ II امیدواروں کی میرٹ لسٹ حکومت کے حوالے کردی ہے اور توقع ہے کہ عیدالفطر سے قبل یا فوری بعد میرٹ لسٹ جاری کردی جائے گی۔ اس طرح منتخب امیدواروں کیلئے عیدالفطر کا تحفہ ہوسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پرچہ جات کی جانچ کی کام مکمل ہونے کے بعد روسٹر سسٹم کے مطابق میرٹ لسٹ تیار کی گئی۔ روسٹر سسٹم کے تحت ایس سی، ایس ٹی، بی سی طبقات کے علاوہ خواتین کو تحفظات حاصل رہیں گے۔ عام زمرہ کی نشستیں کم ہیں لہذا امیدواروں میں مسابقت سخت ہے۔ اگر محفوظ زمرہ کی نشستیں خالی رہتی ہیں تو انہیں دوبارہ عام زمرہ میں منتقل کرتے ہوئے میرٹ کی اساس پر امیدواروں کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ ڈائرکٹر سکریٹری اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ گریڈ I کی 6 جائیدادوں کیلئے انٹرویو کے سلسلہ میں حکومت کمیٹی تشکیل دے گی۔ 6 جائیدادوں کیلئے 30 امیدواروں کو میرٹ کی اساس پر انٹرویو کیلئے طلب کیا جاسکتا ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ اندرون 10 یوم دونوں گریڈ کیلئے منتخب امیدواروں کی فہرست جاری کرتے ہوئے مختلف محکمہ جات میں تعیناتی کا عمل شروع کردیا جائیگا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اردو آفیسرس کے تقررات کا عمل جلد مکمل کرنے کے خواہاں ہیں اور انہوں نے اس سلسلہ میں عہدیداروں کو وقفہ وقفہ سے طلب کرتے ہوئے پیشرفت کا جائزہ لیا تھا۔ یہ پہلا موقع ہے جبکہ محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت اردو آفیسرس کے تقررات عمل میں آرہے ہیں۔ گریڈ I اردو آفیسرس کو چیف منسٹر، چیف سکریٹری، اسپیکر اسمبلی، صدرنشین قانون ساز کونسل، ڈائرکٹر جنرل پولیس جیسے اہم دفاتر میں تعینات کیا جائیگا جبکہ گریڈ II اردو آفیسرس کی ریاستی وزراء، ضلع کلکٹریٹس، کمشنر پولیس اور دیگر دفاتر میں تعیناتی عمل میں آئے گی۔ ان عہدیداروں کے ذمہ اردو میں موصول ہونے والی درخواستوں یا اردو اخبارات کی اہم خبروں کو تلگو اور انگریزی میں تیار کرتے ہوئے پیش کرنا ہے۔ چیف منسٹر کے دفتر، وزراء اور ضلع کلکٹرس کو متعلقہ اردو آفیسرس روزانہ کی اساس پر رپورٹ پیش کریں گے۔ عہدیداروں کو تلگو کے ساتھ انگریزی اور اردو پر مکمل عبور حاصل ہونے کی صورت میں ان عہدوں کے ساتھ مکمل انصاف کرسکتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT