Sunday , September 23 2018
Home / شہر کی خبریں / اردو آفیسر س کی 66 جائیدادوں کیلئے روسٹرسسٹم کا اعلان

اردو آفیسر س کی 66 جائیدادوں کیلئے روسٹرسسٹم کا اعلان

مختلف طبقات کیلئے نشستیں محفوظ، حکومت کے احکامات جاری: پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد ۔ 16 ۔ مئی (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود نے اردو آفیسرس کی 66 جائیدادوں کیلئے حکومت نے روسٹر سسٹم کا اعلان کیا ہے جس کے تحت جائیدادوں کو عام اور محفوظ زمرہ جات میں تقسیم کیا گیا ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود ایم دانا کشور نے آج روسٹر پوائنٹس کی تفصیلات کے ساتھ جی او ایم ایس 23 جاری کیا۔ واضح رہے کہ حکومت نے گریڈ I کے تحت 6 اور گریڈ II کے تحت 60 اردو آفیسرس کے تقرر کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے امتحانات 20 مئی کو منعقد ہوں گے۔ چونکہ یہ تقررات سرکاری سطح پر کئے جارہے ہیں ، لہذا ان جائیدادوں میں روسٹر سسٹم کے تحت مختلف طبقات کو تحفظات حاصل رہیں گے۔ جی او کے مطابق گریڈ I کی 6 جائیدادوں میں صرف 2 جائیدادیں عام زمرہ کے تحت رکھی گئی ہیں جبکہ خواتین کیلئے ایک ، ایس سی ویمن 1 ، بی سی A ویمن 1 اور بینائی سے محروم ویمن زمرہ کے تحت ایک نشست مختص کی گئی ۔ گریڈ II کی 60 جائیدادوں میں 17 جائیدادیں عام زمرہ کے تحت رکھی گئی ہیں جبکہ خواتین کیلئے 10 نشستیں محفوظ کی گئیں۔ مختلف طبقات میں بی سی اے جنرل 3 ، بی سی اے ویمن 2 ، بی سی بی جنرل 3 ، بی سی بی ویمن 2 ، بی سی سی جنرل 1 ، بی سی ڈی جنرل 2 ، بی سی ڈی ویمن 1 ، بی سی ای جنرل 1 ، بی سی ای ویمن 1 ، ایس سی جنرل 5 ، ایس سی ویمن 3 ، ایس ٹی جنرل 2 ، ایس ٹی ویمن 2 ، بینائی سے محروم ویمن 1 ، سماعت سے محروم جنرل 1 ، جسمانی معذور 1 ، ایکس سرویس مین جنرل 1 اور ایکس سرویس مین ویمن زمرہ کے تحت 1 جائیداد مختص کی گئی۔ 20 مئی کو امتحانات کے بعد تقررات کے موقع پر رول آف ریزرویشن کے مطابق عمل کیا جائے گا۔ 66 جائیدادوں کیلئے جملہ 5549 امیدوار امتحانات میں حصہ لیں گے۔ سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ اگر امتحانات کے بعد جائیدادوں کیلئے مختص کردہ طبقات کے امیدوار دستیاب نہ ہوں تو حکومت دوبارہ احکامات جاری کرتے ہوئے محفوظ نشستوں کو عام زمرہ میں منتقل کرے گی اور پہلے سے منتخب موجود عام زمرہ کے امیدواروں میں سے منتخب کیا جائے گا۔ 66 جائیدادوں کیلئے مختلف طبقات کے امیدواروں نے درخواستیں داخل کی ہیں۔ او سی زمرہ سے 1270 ، بی سی اے 7 ، بی سی بی 416 ، بی سی سی 3 ، بی سی ڈی 8 ، بی سی ای 3822 ، ایس سی 9 اور ایس ٹی زمرہ میں 10 امیدواروں نے درخواستیں داخل کی ہیں۔ اردو آفیسرس کی جائیدادوں کیلئے مختلف طبقات میں اردو داں افراد کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہر زمرہ سے آن لائین درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ امتحانات کیلئے 5 مراکز کا انتخاب کیا گیا۔ صبح 10 تا 1 بجے دن گریڈ II کے امتحانات ہوں گے جبکہ دوپہر 2 تا 5 بجے شام گریڈ I کی 6 جائیدادوں کا امتحان ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT