Monday , July 16 2018
Home / شہر کی خبریں / اردو اکیڈیمی اور انیس الغرباء پر تقررات کیلئے چیف منسٹر کی مشاورت

اردو اکیڈیمی اور انیس الغرباء پر تقررات کیلئے چیف منسٹر کی مشاورت

کارپوریشنوں کے بورڈ آف ڈائرکٹرس کے عنقریب تقررات ، محمود علی سے فہرست کی طلبی
حیدرآباد۔5۔ فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اردو اکیڈیمی اور بعض دیگر اداروں پر اقلیتی قائدین کے تقررات کیلئے سرگرم مشاورت کا آغاز کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اردو اکیڈیمی ، انیس الغرباء اور مزید 6 کارپوریشنوں پر تقررات کی تیاری کی جارہی ہے ۔ ان میں سے اردو اکیڈیمی اور انیس الغرباء کیلئے اقلیتی طبقہ کے قائدین کو نامزد کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ اقلیتی فینانس کارپوریشن ، سٹ ون ، کھادی اینڈ ولیج بورڈ اور بعض دیگر کارپوریشنوں کے بورڈ آف ڈائرکٹرس کے ناموں کا بھی اعلان کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر نے حال ہی میں حج کمیٹی اور اردو اکیڈیمی کے تقررات کی فائل کو منظوری دیدی تھی ۔ تاہم صرف حج کمیٹی کے احکامات جاری ہوئے۔ اردو اکیڈیمی کے سلسلہ میں بعض ناموں کی تبدیلی کے پیش نظر تقررات میں تاخیر ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی سے 50 سے زائد اقلیتی قائدین کی فہرست طلب کی ہے تاکہ انہیں مختلف کارپوریشنوں میں شامل کیا جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ محمود علی نے مختلف وزراء اور عوامی نمائندوں کی جانب سے روانہ کردہ فہرستوں کی بنیاد پر سینئر قائدین کی فہرست چیف منسٹر کے حوالے کردی ہے۔ اقلیتی اداروں کے علاوہ جنرل کارپوریشنوں میں چیف منسٹر مسلمانوں کو ڈائرکٹر کی حیثیت سے شامل کرنا چاہتے ہیں۔ چیف منسٹر کی گزشتہ جمعہ فارم ہاؤز سے حیدرآباد سے واپسی کے بعد سے سرگرمیوں میں اضافہ ہوگیا۔ گزشتہ تین برسوں سے سرکاری عہدوں کی امید میں سرگرداں اقلیتی قائدین کیلئے چیف منسٹر کے احکامات اچھے دن کی شکل میں آسکتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے 2001 ء سے پارٹی سے وابستہ قائدین کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ اردو اکیڈیمی اور انیس الغرباء کیلئے ناموں کو اندرون دو یوم منظوری دیدی جائے گی ۔ اطلاعات کے مطابق اردو اکیڈیمی کے صدرنشین کے عہدہ کیلئے ٹی آر ایس کی حلیف مقامی جماعت نے اپنی دعویداری پیش کی لیکن چیف منسٹر نے یہ ادارہ پارٹی قائدین کو الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ شہر کے علاوہ اضلاع کے اقلیتی قائدین کو بھی سرکاری اداروں میں موثر نمائندگی مل سکتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT