Tuesday , November 21 2017
Home / Top Stories / ’اردو تھیسارس‘: مترادف الفاظ کا آن لائن ذخیرہ

’اردو تھیسارس‘: مترادف الفاظ کا آن لائن ذخیرہ

لاہور ۔ 19 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اردو لکھنے اور پڑھنے والوں کو بعض اوقات ایک ایسی آزمائش کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب وہ کسی لفظ کا مطلب یا اس کا مناسب متبادل لفظ جاننے کے لیے کئی لغات کا سہارا لیتے ہیں۔ لاہور میں مقیم مصنف اور مترجم مشرف علی فاروقی کو ابھی اسی آزمائش کا سامنا رہا تاہم انھوں نے اس مشکل کا حل ایک ایپلی کیشن کی صورت میں پیش کیا ہے۔ مشرف علی فاروقی نے حال ہی میں اردو الفاظ کے مترادف الفاظ کا ذخیرہ جمع کر کے ایک ایپلی کیشن اور ویب سائٹ پر ’اردو تھیسارس‘ کا ایک آزمائشی ورژن انٹرنیٹ اور موبائل فون کے لیے جاری کیا۔ انھوں نے بی بی سی اردو سروس سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ انھوں نے یہ کام پانچ سال کی مدت میں کیا ہے اور تاحال اس پر مزید کام جاری ہے۔ خیال رہے کہ اردو زبان میں ایک لفظ کے معنی ایک سے زیادہ الفاظ سے ادا ہوسکتے ہیں یعنی وہ الفاظ جو ایک دوسرے کا متبال ہوں یا اپنے معنی میں یکساں یا ایک دوسرے سے قریب ہوں مترادفات کہلاتے ہیں۔ مشرف علی فاروقی اردو ادب میں کلاسیک کا درجہ رکھنے والی تصانیف کے اردو سے انگریزی میں تراجم کر چکے ہیں جن میں داستان امیر حمزہ اور طلسم ہوش ربا قابل ذکر ہیں۔مشرف علی فاروقی نے سوچا کہ ان سب الفاظ اور اصطلاحات کا ایک آسان ذریعہ ہونا چاہیے کیونکہ برصغیر میں اردو لغات پر جتنا کام ہوا ہے شاید کہیں اور نہیں ہوا اور ان کا خیال ہے کہ اگر یہ سارے لوگ آج کام کر رہے ہوتے تو شاید وہ بھی کسی الیکٹرانک ذریعے کا سہارا لیتے، یہیں سے ان کے ذہن میں اس اپیلی کیشن کے خیال نے جنم لیا۔

TOPPOPULARRECENT