Saturday , May 26 2018
Home / اضلاع کی خبریں / اردو صحافیوں کیلئے ایکریڈیٹیشن کی اجرائی کی ضرورت

اردو صحافیوں کیلئے ایکریڈیٹیشن کی اجرائی کی ضرورت

تلنگانہ اردو جرنلسٹ فورم بودھن کی چیرمین پریس اکیڈیمی سے نمائندگی
بودھن۔/28نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ اردو جرنلسٹ فورم بودھن کا دورکنی وفد گزشتہ روز چیرمین پریس اکیڈیمی حکومت تلنگانہ مسٹر اے نارائنا سے ملاقات کرتے ہوئے بودھن کے متوفی صحافی ڈاکٹر محمد لطیف الدین قریشی ( منصف اسٹاف رپورٹر ) جن کا انتقال ہوئے چھ ماہ سے زائد عرصہ گذر چکا ان کے پسماندگان کو تاحال پریس اکیڈیمی کی جانب سے کسی قسم کی معاشی امداد نہ ملنے پر تشویش کا اظہار کیا اور منڈل سطح پر خدمت انجام دینے والے اردو صحافیوں کو اکریڈیٹیشن کارڈس کی عدم اجرائی کی جانب چیرمین موصوف کی توجہ مبذول کروائی۔ مسٹر اے نارائنا نے اعتراف کیا کہ متوفی صحافیوںکے فائیلس طویل عرصہ سے پریس اکیڈیمی میں زیر غور ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ ہفتہ اکیڈیمی کے چارارکان کے ساتھ اجلاس منعقد ہوگا۔ جس میں ہر ایک متوفی صحافی ورثاء کو ایک لاکھ روپئے رقم کے علاوہ پانچ سال تک بیوہ کو ماہانہ تین ہزار روپئے وظیفہ اور زیر تعلییم بچوں کی تعلیم مکمل کرنے اسکول و کالجس کی فیس ادا کئے جائیں گے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ متوفی صحافیوں کی لڑکی کی شادی کیلئے پریس اکیڈیمی کی طرف سے تین لاکھ روپئے رقمی امداد دی جائے گی تاحال دو متوفی صحافیوں کی لڑکیوں کو امداد جاری کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ منڈل سطح کے تمام رپورٹرس کو تقریباً 27 ہزار اکریڈیٹیشن کارڈس جاری کئے جاچکے۔ چیرمین کی توجہ منڈل سطح پر خدمت انجام دینے والے اردو صحافیوں کو تاحال اکریڈیٹیشن کارڈس کی عدم اجرائی کی طرف توجہ مبذول کروائی گئی اور گزشتہ ہوئے ریاستی اسمبلی و کونسل کے اجلاسوں میں ایم ایل اے سرینواس گوڑ اور ایم ایل سی فاروق حسین کی طرف سے اردو صحافیوں کے مسائل اٹھائے جائیں اور حکومت کی طرف سے ریاستی وزیر مسٹر ٹی ناگیشور راؤ نے مذکورہ قائدین کو جواب دیتے ہوئے منڈل سطح کے اردو صحافیوں کو بھی اکریڈیٹیشن کارڈس اور آر ٹی سی بس پاس کی اجرائی کیلئے پریس اکیڈیمی سے تجاویز طلب کرنے کے بعد مثبت احکامات کی اجرائی کا تیقن دیا تھا۔ اے نارائن نے کہا کہ منڈل سطح کے اردو صحافیوں کو بھی حسب سابق ایکریڈیٹیشن کارڈس کی اجرائی کیلئے حکومت سے نمائندگی کی جائے گی۔ چیرمین پریس اکیڈیمی سے ملاقات کرنے والے وفد میں بانی تلنگانہ اردو جرنلسٹ فورم بودھن جناب محمد خورشید حسین اختر اور خازن ساجد خان موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT