Monday , June 18 2018
Home / شہر کی خبریں / اردو غزلوں اور قوالیوں کی شیدا برطانوی گلوکارہ تانیا

اردو غزلوں اور قوالیوں کی شیدا برطانوی گلوکارہ تانیا

نصرت فتح علی خاں ، مہدی حسن اور فیض احمد فیض پسندیدہ شخصیتیں
حیدرآباد ۔ 13 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : اردو زبان کی مٹھاس اس کی کشش و جاذبیت بلا لحاظ مذہب و ملت رنگ و نسل اور علاقہ و ملک ہر کسی کوا پنی جانب راغب کرتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ برصغیر کی اس زبان نے امریکہ ، برطانیہ اور دنیا کے چپہ چپہ میں اپنی نئی بستیاں بسالی ہیں ۔ خاص طور پر ان ملکوں میں جہاں انگریزی بولی جاتی ہیں ۔ انگریز مرد و خواتین اردو غزل ، نظم اور نغموں کو نہ صرف بڑے شوق سے سنتے ہیں بلکہ اب تو گانے بھی لگے ہیں ۔ واٹس اپ ، فیس بک اور مختلف ویب سائٹس پر ایسے ویڈیو وائرل ہوتے ہیں جن میں انگریز خواتین بہت ہی ماہرانہ انداز میں غزلیں ، اردو نظمیں اور صوفیانہ کلام گا رہی ہیں ۔ حال ہی میں دوبئی میں گلوکاری سے دلچسپی رکھنے والی ایک خاتون نے ’ دمادم مست قلندر ‘ اپنی جڑواں بہن کے ساتھ اس خوبصورت انداز میں گایا کہ اس کا ویڈیو غیر معمولی طور پر وائرل ہوگیا ۔ سڑک کے ایک کنارے ایک مرد آرٹسٹ گیتار بجا رہاتھا اور دوسری طرف تانیا اور نکی دمادم مست قلندر گاتے ہوئے وہاں سے گذرنے والوں کو اپنی جادوئی آواز سے رکنے پر مجبور کررہے تھے ۔ اس بارے میں اپنے تجربہ کو تانیا نے فیس بک پر پیش کیا اور بتایا کہ ہم لوگ دوبئی کی ایک سڑک پر رُکے اور دمادم مست قلندر گا کر لوگوں کو حیران کردیا اس وقت دونوں بہنوں کو اندازہ نہیں تھا کہ صرف ایک ہفتہ میں ان کا ویڈیو ساری دنیا میں وائرل ہوجائے گا اور انٹر نیٹ پر لاکھوں لوگ اس کا نظارہ کریں گے ۔ تانیا ویلز غزلیں اور فلمی نغمے گا کر اسے سوشیل میڈیا پر پوسٹ کرتی ہے ۔ وہ بچپن سے ہی نصرت فتح علی خاں کی غزلوں ، نغموں اور قوالیوں کو سن رہی ہیں اور اردو بھی سیکھ رہی ہے ۔ اس برطانوی گلوکارہ نے کئی مرتبہ پاکستان کا بھی دورہ کیا اور اپنی پسندیدہ غزلیں پیش کر کے اردو غزل کے مداحوں کو حیران کردیا ۔ اس نے کلاسیکل اور صوفی موسیقی سیکھی ہے وہ ایسی موسیقی میں دلچسپی رکھتی ہے جس سے لوگوں میں خوشی و مسرت کا جذبہ پیدا ہو ۔ تانیا کے مطابق غزل اور صوفیانہ کلام ان لوگوں کو بھی اپنی جانب راغب کرتے ہیں جو اردو سے نابلد یا ناواقف ہوتے ہیں ۔ صوفیانہ کلام قوالیوں وغیرہ سے ذہنی و قلبی سکون حاصل ہوتا ہے ۔ تانیا کے پسندیدہ پاکستانی گلوکار نصرت فتح علی خاں ہیں جنہیں قوالیوں کا شہنشاہ کہا جاتا ہے ۔ تانیا نے ہندوستان کے مختلف فیسٹیولس ، سوئیزرلینڈ جرمنی ، برازیل اور امریکہ میں بھی اپنی آواز کا جادو جگایا ہے ۔ انہوں نے پنڈت روی شنکر کی بیٹی اونشکا شنکر کے ساتھ بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔ انہوں نے ہندوستان میں بھی ایک طویل عرصہ گذارا ۔ تانیا ، ہندی ، اردو ، عربی ، فارسی اور مراٹھی میں بھی گاتی ہیں ۔ فیض احمد فیض کی غزل ’ گلوں میں رنگ بھرے ‘ بھی تانیا نے بہت ہی خوبصورت انداز میں پیش کیا ۔ اسے شہنشاہ غزل مہدی حسن نے گایا تھا ۔۔

TOPPOPULARRECENT