Wednesday , December 13 2017
Home / شہر کی خبریں / اردو میڈیم سرکاری و امدادی اسکولس کو حکومت کی امداد

اردو میڈیم سرکاری و امدادی اسکولس کو حکومت کی امداد

درخواستوں کی طلبی کا آغاز ، سکریٹری / ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی ایس اے شکور
حیدرآباد۔/10ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں اردو میڈیم سرکاری اور امدادی مدارس کیلئے اردو اکیڈیمی کی جانب سے انفراسٹرکچر کی فراہمی کے سلسلہ میں 50ہزار روپئے امداد کی فراہمی کی اسکیم کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے لئے حیدرآباد اور اضلاع سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ ڈائرکٹر سکریٹری اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ2015-16کیلئے سرکاری اور امدادی پرائمری ، اپر پرائمری اور ہائی اسکول سطح  کے اردو میڈیم مدارس اس اسکیم سے استفادہ کے اہل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کے اعلان کے بعد سے ابھی تک درخواستوں کے حصول کا رجحان حوصلہ افزاء ہے۔ انہوں نے کہا کہ 30ڈسمبر تک درخواستیں تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کے دفتر واقع حج ہاوز میں داخل کی جاسکتی ہیں۔درخواست فارم تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے علاوہ متعلقہ ڈی ای او دفاتر، اردو اکیڈیمی کے علاقائی مراکز، اردو اکیڈیمی کمپیوٹر سنٹرس و لائبریریز سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت 50ہزار روپئے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی جبکہ سابق میں اس اسکیم کے تحت امدادی رقم کافی کم تھی۔ حکومت نے سرکاری اور امدادی مدارس کی زبوں حالی کو دیکھتے ہوئے مالی امداد میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ امیدواروں کو متعلقہ ڈی ای او سے تصدیق حاصل کرتے ہوئے اپنی درخواستیں روانہ کرنا ہوگا جس کے ساتھ اسکول کی ضرورت اور اس کی خریدی کیلئے اخراجات کی تفصیلات بھی درج کرنی ہوگی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ اسکیم پر مکمل شفافیت سے عمل آوری کیلئے متعلقہ ڈی ای او سے تصدیق کے حصول کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں  نے کہا کہ سرکاری اور امدادی اردو میڈیم مدارس کے ذمہ دار اس اسکیم سے فائدہ اٹھاکر طلباء کیلئے بہتر سہولتوں کی
فراہمی اور اسکولوں میں تعلیمی ماحول پیداکرسکتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT