Tuesday , January 16 2018
Home / شہر کی خبریں / اردو کو دوسری سرکاری زبان قرار دینا حکومت تلنگانہ کی اہم ذمہ داری

اردو کو دوسری سرکاری زبان قرار دینا حکومت تلنگانہ کی اہم ذمہ داری

جشن تلنگانہ ایوارڈ فنکشن و مشاعرہ کا افتتاح ، جناب محمد محمود علی و دیگر کا خطاب

جشن تلنگانہ ایوارڈ فنکشن و مشاعرہ کا افتتاح ، جناب محمد محمود علی و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔12ڈسمبر(سیاست نیوز)اُردو کسی ایک مذہب یا طبقے کی زبان نہیں بلکہ اُردو قومی زبان ہے اور ریاستی حکومت تلنگانہ میںاُردو کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلانے کی پابند عہد ہے۔ آج یہاں للتا کلاتھورانم ‘ نامپلی میںروزنامہ سیاست اور دی اُردو رائٹرس فورم اور دیگر کے زیر اہتمام منعقدہ جشن تلنگانہ ایوارڈ فنکشن اور کل ہند مشاعرے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمو دعلی نے یہ بات کہی۔مشیر تلنگانہ ریاست ڈاکٹر کی وی رمنا چاری کے علاوہ رکن پارلیمنٹ وپولیٹ بیور و رکن ٹی آر یس پارٹی ڈاکٹر کے کیشو رائو‘ سکریٹری ڈائرکٹر اُردو اکیڈیمی ڈاکٹر ایس اے شکور‘صدر مشاعرہ وڈپٹی کمشنر اکسائز جناب مرتضی علی فاروقی‘نورالحق قادری کے علاوہ دیگر نے بھی شرکت کی۔ اپنے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے الحاج محمد محمو دعلی نے کہاکہ وزیراعلی تلنگانہ ریاست مسٹر کے چندرشیکھر رائو کا شمار خود اُردو شیدائیوںمیں ہوتا ہے اور وہ اپنے تقریر کے دوران کئی مرتبہ اُردو کا الفاظ اوراشعار کا استعمال کرتے ہوئے اُردو سے اپنی محبت اور وابستگی ثابت کرتے ہیں۔جناب محمد محمود علی نے مزیدکہاکہ یقینا پچھلے ساٹھ سالوں میںاُردو کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔ تلنگانہ ریاست میںاُردوکو اس کا نمایاں مقام فراہم کیاجائے گا۔ انہوں نے ٹی آر ایس پارٹی کو اُردو کی ترقی کے لئے سنجیدہ قراردیتے ہوئے کہاکہ ریاست میںاُردو کو دوسری سرکاری زبان کا موقف فراہم کرتے ہوئے اُردو کے ساتھ انصاف تلنگانہ حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے اُردو زبان کو تلنگانہ کی گنگاجمنی تہذیب کی سفیر قراردیتے ہوئے کہاکہ نہ صرف تلنگانہ بلکہ قومی سطح اور بین الاقوامی سطح پر بولی جانے والی زبان اُردو کی تلنگانہ میں ترقی کو یقینی قراردیا ۔ جشن تلنگانہ کے عنوان پرمنعقدہ مشاعرے اور ایوارڈ فنکشن میںتلگوادیبوں کے لئے ایوارڈ اور تہنیت پیش کرنے پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور کہاکہ تلنگانہ کے نام پر منعقد ہونے والے مشاعرے اور ایوارڈ فنکشن پر ہمہ لسانی ادیبوں کو تہنیت پیش کرتے ہوئے مذکورہ پلیٹ فارم کو گنگا جمنی تہذیب کا نمونہ بنایاگیاجس پر منتظمین محفل قابلِ مبارکباد ہیں۔مسٹر کے کیشوار رائو نے اُردو زبان کی ترقی کے لئے حکومت تلنگانہ کی سنجیدگی کو قابلِ ستائش قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ سنہری تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے لئے تلنگانہ کی تمام زبانوں کااحترام اور ترقی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔تلنگانہ کے دس اضلاع میں تلگواور اُردو کی خدمات کرنے والے ادیبوںاور شاعروں کو منتظمین کی جانب سے ایوارڈ اور تہنیت پیش کی گئی ۔بعد ازاںکل ہند مشاعرے کا آغاز عمل میںآیا جس میں بین الاقوامی شہرت یافتہ شعراء نے اپنے کلام کے ذریعہ عوام کے داد وتحسین حاصل کی۔ کنونیر وجنرل سکریٹری جشن تلنگانہ کمیٹی اسلم فروشوری نے کاروائی چلائی۔

TOPPOPULARRECENT