Monday , December 11 2017
Home / کھیل کی خبریں / ارون فنچ کی سنچری کی باوجود آسٹریلیا 293/6

ارون فنچ کی سنچری کی باوجود آسٹریلیا 293/6

INDORE, SEP 24 :- Australia's Aaron Finch celebrates his centuary during India v/s Australia - Third One Day International Match - Indore, India September 24, 2017.. REUTERS-18R

 

l مہمان ٹیم بہتر شروعات کے باوجود ہمالیائی اسکور کے حصول میں ناکام
l اہم موقع پر میکس ویل کے ہمراہ مڈل آرڈر سے مایوسی
l آخری اوورس میں ہندوستانی بولروں کا قابل ستائش مظاہرہ

اندور 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی ٹیم میں واپسی کرنے والے اوپنر آرون فنچ نے اپنے کیرئیر میں ایک اور شاندار سنچری اسکور کی لیکن ہندوستانی بولروں نے اننگز کے آخری اوورس میں انتہائی شاندار بولنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں کے نقصان پر 293 تک محدود رکھا۔ حالانکہ آرون فنچ اور ساتھی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے جہاں ٹیم کو ایک بہتر شروعات فراہم کی وہیں کپتان اسٹیو اسمتھ نے نصف سنچری کے ساتھ ٹیم کے اسکور کو 350 رنز تک پہنچانے کے امکانات روشن کردیئے تھے لیکن ہندوستانی بولروں نے آخری 10 اووروں میں 59 رنز دیتے ہوئے مہمان ٹیم کو ہمالیائی اسکور سے باز رکھا۔ ایک موقع پر آسٹریلیائی ٹیم ایک وکٹ کے نقصان پر 224 رنز بنالئے تھے لیکن 243 تک پہونچتے پہونچتے اس کی مزید 3 وکٹیں گر گئیں۔ آخری 14 اوورس میں مہمان ٹیم نے صرف 77 رنز بنائے لیکن زخمی ہونے کی وجہ سے ابتدائی دو مقابلوں میں شرکت نہ کر پانے والے فنچ نے 125 گیندوں میں 124 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 12 چوکے اور 5 چھکے شامل ہیں۔ فنچ نے پہلی وکٹ کے لئے وارنر کے ہمراہ 13.3 اوورس میں 70 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی جس میں وارنر نے 44 گیندوں میں 42 رنز اسکور کئے۔ وارنر نے اپنی اننگز کے دوران 4 چوکے اور ایک چھکہ لگایا۔ ہندوستانی ٹیم کے لئے یہ شروعات اور دونوں اوپنرس جس وقت خطرناک ثابت ہورہے تھے اُس وقت اُبھرتے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نے ایک دھیمی گیند سے وارنر کی وکٹیں بکھیرتے ہوئے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلوائی۔ اسمتھ اور فنچ نے دوسری وکٹ کے زوال سے قبل مجموعی اسکور کو 224 تک پہنچایا اور اِس موقع پر فنچ کے آؤٹ ہونے کے بعد 243 پر اسمتھ بھی 63 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ اِن دونوں کھلاڑیوں کو کلدیپ یادو نے کیچ آؤٹ کرواتے ہوئے پویلین کی راہ دکھائی۔ وکٹ پر جمے دو اہم بیٹسمنوں کے یکے بعد دیگرے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم کو ہمالیائی اسکور فراہم کرنے کی ذمہ داری میکس ویل پر تھی تاہم وہ 13 گیندوں میں 5 رنز بنانے کے بعد چہل کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہوئے۔ دیگر بیٹسمنوں میں آل راؤنڈر اسٹونس نے 28 گیندوں میں ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 27 رنز بنائے۔ ہندوستان کے لئے جسپریت بومرا (52) اور یادو نے (75) رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ چہل اور پانڈیا کو ایک ایک وکٹ ملی۔

TOPPOPULARRECENT