Tuesday , April 24 2018
Home / Top Stories / ارکان راجیہ سبھا کیلئے وینکیا نائیڈو کا ڈنر منسوخ

ارکان راجیہ سبھا کیلئے وینکیا نائیڈو کا ڈنر منسوخ

ایوان کی کارروائیوں میں مسلسل رکاوٹ پر صدرنشین کی برہمی
نئی دہلی 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) راجیہ سبھا کے صدرنشین ایم وینکیا نائیڈو نے اس ایوان کی کارروائیوں میں مسلسل تعطل و رکاوٹوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس کے ارکان کے لئے کل مقررہ ڈنر کو منسوخ کردیا۔ ذرائع کے مطابق وینکیا نائیڈو کی طرف سے دیئے جانے والے اس ڈنر کی تیاریاں گزشتہ ہفتہ مکمل ہوچکی تھیں۔ اُنھوں نے صدر، وزیراعظم، قائد ایوان، قائد اپوزیشن اور مختلف جماعتوں کے فلور لیڈرس سے بات چیت کے ذریعہ اپنی طرف سے دیئے جانے والے اس ڈنر کی دعوت بھی دی تھی۔ دعوت نامے بھی تیار رکھے گئے تھے۔ لیکن راجیہ سبھا کے چیرمین نے آج یہاں اپنے چیمبرس میں مختلف جماعتوں کے فلور لیڈرس کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں ایوان کی کارروائی میں مسلسل رکاوٹوں اور تعطل پر افسوس و برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اُنھیں ڈنر کی منسوخی کے بارے میں مطلع کیا۔ ذرائع نے کہاکہ نائیڈو اس نظریہ کے حامل تھے کہ ایوان چونکہ دو ہفتوں تک کارروائی نہیں چلا سکا ان حالات میں ڈنر کا پروگرام برقرار رکھنا مناسب نہیں ہوگا۔ وینکیا نائیڈو نے ’آندھراپردیش اسپیشل‘ ڈنر دینے کا منصوبہ بنایا تھا۔ اس مقصد کے لئے اپنی ریاست کے ماہر باورچیوں کی خدمات حاصل کی جارہی تھیں۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ایوان کی کارروائی میں رخنہ اندازی پر برہم وینکیا نائیڈو نے گزشتہ ہفتہ کانسٹی ٹیوشن کلب پر منعقدہ ارکان پارلیمنٹ کے بیڈمنٹن ٹورنمنٹ کا افتتاح کرنے سے بھی انکار کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT