Thursday , November 23 2017
Home / Top Stories / استنبول میں دو طاقتور بم دھماکے ، 38 ہلاک

استنبول میں دو طاقتور بم دھماکے ، 38 ہلاک

فٹبال اسٹیڈیم کے قریب ایک کے بعد دیگر جڑواں حملے ، ترکی میں قومی سوگ
استنبول ۔ /11 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) استنبول کے قریب ایک فٹبال اسٹیڈیم میں جڑواں بم دھماکوں میں کم سے کم 38 افراد ہلاک ہوگئے جس کے ساتھ ہی ترکی میں آج یوم سوگ منانیکا اعلان کردیا گیا ۔ ترکی نے الزام عائد کیا ہے کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کرد عسکریت پسندوں نے یہ حملہ کیا ہے ۔ سرکردہ فٹبال ٹیم بیسکٹاس کے گھریلو اسٹیڈیم کے باہر گزشتہ روز ایک کار بم دھماکہ کیا گیا تھا جہاں بیسکٹاس اور بوساسپور کے درمیان سوپر لیگ میچ کھیلا گیا تھا ۔ اس کار بم دھماکے کے بعد ایک منٹ سے بھی کم وقت میں ایک بمبار نے قریب پارک میں پولیس کے ایک گروپ کے درمیان دھماکہ کردیا ۔اس واقعہ کے بعد وزیراعظم بن علی یلارم نے قومی پرچم کو نصف بلندی پر لہرانے کا حکم دیا ہے ۔

صدر رجب طیب اردغان نے اپنا مقررہ دورہ قازقستان منسوخ کردیا ۔ نائب وزیراعظم نعمان کرتولوموس نے کہا کہ پولیس کو نشانہ بناکر یہ خودکش حملہ کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ان حملوں میں 300 تا 400 کیلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا تھا ۔ اس مقام پر گہرا کھڈ پڑگیا ہے جہاں کار بم دھماکہ کیا گیا ۔ وزیر داخلہ سلیمان سوئیلو نے کہا کہ جڑواں بم حملوں میں 30 پولیس اہلکار ، سات سوئیلئین اور ایک نامعلوم شخص کی موت ہوئی ہے ۔ دیگر 155 زخمی ہوئے ہیں ۔ دھماکوں کے ضمن میں 13 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ سوئیلو نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے ان دھماکوں میں پی کے کے سے تعلق رکھنے والے کرد عسکریت پسند اصل سازشی معلوم ہوتے ہیں ۔ فارنسک ٹیم اسٹیڈیم اور پارک پہونچ کر ثبوت جمع کی اور  بلدی ملازمین نے صفائی کا کام کیا ۔ بعدازاں ہزاروں افراد نے جو ترکی کا پرچم تھامے ہوئے تھے اس مقام پر پھول رکھتے ہوئے مہلوکین کو خراج عقیدت ادا کیا ۔

استنبول میں بمباری ، ہندوستان کا اظہار مذمت
نئی دہلی ۔ /11 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے استنبول میں آج ہوئے دہشت گرد بم دھماکوں کی مذمت کی اور کہا کہ اس سفاکانہ حملہ نے پھر ایک مرتبہ اس فوری ضرورت کو اجاگر کردیا ہے کہ ساری عالمی بر ادری کو چاہئیے کہ دہشت گردی کی اس لعنت کے خلاف وہ مشترکہ و اجتماعی عزم کا مظاہرہ کرے ۔ وزارت امور خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردی خواہ کسی بھی قسم کی ہو ناقابل قبول ہے ۔ ’’ہم تمام غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی عاجلانہ صحتیابی کیلئے اپنی نیک خواہشات پیش کرتے ہیں ‘‘ ۔ ترکی کے ایک فٹبال اسٹیڈیم میں ہوئے جڑواں بم دھماکوں میں کم سے کم 38 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT