Sunday , November 19 2017
Home / ہندوستان / اسد اویسی کیخلاف کارروائی کیلئے آر ایس ایس کا مطالبہ

اسد اویسی کیخلاف کارروائی کیلئے آر ایس ایس کا مطالبہ

مجلس ایم پی پر غیرضروری بیانات دینے سچیت سنگھ کا الزام
جموں ۔ 16 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آر ایس ایس نے بھارت ماتا کی جئے کہنے سے انکار کرنے والے کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کے صدر اسدالدین اویسی کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے آج کہا کہ جو لوگ ہندوستان کو مادر وطن نہیں سمجھتے انہیں ملک سے چلے جانا چاہئے۔ جموں و کشمیر میں آر ایس ایس کے علاقائی سربراہ بریگیڈیئر سچیت سنگھ نے کہا کہ ’’ وہ (اویسی) غیر ضروری بیانات دے رہے ہیں۔ اگر کوئی ہمارے ملک کو مادر وطن تصور نہیں کرتا تو اس کو یہ ملک چھوڑ دینا چاہئے۔ اگر وہ اس ملک کو چھوڑ دیں اور اپنی پسند کے کسی مقام کو چلے جائیں تو ان کا خیرمقدم کیا جائے گا‘‘۔ اسد اویسی نے حال ہی میں کہا تھا کہ اگر ان کے گلے پر چاقو بھی رکھ دیا جائے تو وہ بھارت ماتا کی جئے نہیں کہیں گے۔ ان کے اس ریمارک کے جواب میں آر ایس ایس نے آج اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔ سچیت سنگھ نے کہا کہ یہ بڑی بدبختی کی بات ہیکہ ایسے افراد پارلیمنٹ کیلئے منتخب ہورہے ہیں۔ اس سوال پر کہ آیا آر ایس ایس اس ضمن میں اویسی کے خلاف کارروائی چاہتی ہے۔ بریگیڈیئر سچیت سنگھ نے جواب دیا کہ کارروائی تو کی جانی ہی چاہئے لیکن اس کے ساتھ عوام کو بھی ان کے بارے میں سوچنا چاہئے۔ آر ایس ایس لیڈر نے مزید کہاکہ ’’درحقیقت ہم صرف یہ تجویز کرسکتے ہیں کہ قوم دشمن افراد کو قوم دشمن سرگرمیوں کی نشاندہی کی جائے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے‘‘۔
سمرتی ایرانی کی ڈگریوں کا تنازعہ، عدالت میں ریکارڈکی طلبی
نئی دہلی ۔ 16 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی کے خلاف الیکشن کمیشن کے حلفنامہ میں غلط معلومات کی فراہمی سے متعلق ایک مقدمہ میں دہلی کی عدالت نے الیکشن کمیشن اور دہلی یونیورسٹی کو ان (سمرتی ایرانی) کی تعلیمی قابلیت سے متعلق تمام ریکارڈس پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ میٹرو پالیٹن مجسٹریٹ اروندر سنگھ نے کہا کہ قبل ازیں جاری کردہ احکام پر الیکشن کمیشن اور یونیورسٹی کے نمائندوں نے مکمل دستاویزات پیش نہیں کئے ہیں، چنانچہ اس مقدمہ میں مزید چند دستاویزات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے آئندہ سماعت 3 مئی کو مقرر کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT