Monday , December 18 2017
Home / عرب دنیا / اسرائیل، فلسطین میں جنگی جرائم کا مرتکب : سعودی

اسرائیل، فلسطین میں جنگی جرائم کا مرتکب : سعودی

ریاض۔ 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب نے فلسطین میں اسرائیلی فوج کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے الزام عاید کیا ہے کہ صہیونی ریاست نہتے فلسطینیوں کے خلاف وحشیانہ جنگی جرائم کی مرتکب ہو رہی ہے۔ العربیہ ٹی وی کی مطابق سعودی کابینہ کے سوموار کے روز ہوئے اجلاس میں فلسطین میں اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کی گئی۔ اس موقع پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ قابض اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نہتے اور معصوم فلسطینیوں کا قتل عام، مقدس مقامات کی بے حرمتی دہشت گردی کی بدترین شکلیں ہیں۔ سعودی عرب عالمی برادری سے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کے منظم جرائم روکنے کے لیے پرزور مطالبہ کرتا ہے۔ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس ریاض میں قصر الیمامہ میں ہوا۔ اجلاس میں پاکستان اور افغانستان میں ایک ہفتہ قبل زلزلے کے نتیجے میں ہونے والی اموات اور مصر میں روسی طیارے کے حادثے میں ہلاکتوں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا۔ خیال رہے کہ پاکستان اور افغانستان میں 26 اکتوبر کو آنے والے ریختر پیمانہ پر 7.7 درجہ کے شدید زلزلے کے نتیجے میں سیکڑوں افراد جاں بحق اور ہزاروں کی تعداد میں زخمی ہو گئے تھے جب کہ ہزاروں مکانات تباہ ہوئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT