Saturday , November 25 2017
Home / دنیا / اسرائیلی آبادکاری کے خلاف مملکت فلسطین کی مجوزہ قرارداد ملتوی کرنے کا فیصلہ

اسرائیلی آبادکاری کے خلاف مملکت فلسطین کی مجوزہ قرارداد ملتوی کرنے کا فیصلہ

یروشلم ۔ 22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) فلسطینی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ میں اسرائیلی آبادکاری رکوانے سے متعلق مجوزہ قرارداد کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس کے بجائے اب فرانس کی مشرق وسطیٰ کے تنازعے کے حل کے لیے امن کانفرنس پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اقوام متحدہ میں فلسطینی مشن نے اسی ماہ کے اوائل میں عرب ممالک اور سلامتی کونسل کے بعض رکن ممالک میں مجوزہ قرارداد کا مسودہ تقسیم کیا تھا مگر اس کو غور کے لیے باضابطہ طور پر کونسل میں پیش نہیں کیا گیا ہے۔اس میں مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی تعمیر کی مذمت کی گئی ہے اور تنازعہ کے دو ریاستی حل پر زوردیا گیا ہے۔ فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی کا کہنا ہے کہ اب اس مسودے پر مزید کام موخر کردیا جائے گا اور اس کے بجائے فرانسیسی اقدام پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔اس کے تحت 30 مئی کو پہلا وزارتی اجلاس منعقد ہوگا۔ انھوں نے نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ” سلامتی کونسل میں ہماری تحریک سے فرانسیسی اقدام کو کسی بھی طرح نقصان نہیں پہنچنا چاہیے”۔انھوں نے یہ بات فلسطینی صدر محمود عباس کی چینی سفیر لیو جائی ڑی سے ملاقات کے بعد کہی ہے۔چینی سفیر اس ماہ سلامتی کونسل کی صدارت کررہے ہیں۔ بعض سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ فرانس ،مصر اور سعودی عرب نے فلسطینیوں کی حوصلہ شکنی کی ہے کہ وہ سلامتی کونسل میں قرارداد پیش نہ کریں کیونکہ اس طرح امریکا پر اس کو ویٹو کرنے کے لیے دباؤ پڑے گا۔

TOPPOPULARRECENT