Tuesday , January 23 2018
Home / شہر کی خبریں / اسرائیلی بربریت فلسطینیوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتی

اسرائیلی بربریت فلسطینیوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتی

آزادی بنیادی حق، قربانیاں رنگ لائیں گی۔ مفتی اعظم فلسطین محمد احمد حسین کا ’ سیاست‘کو انٹرویو … رشید الدین …

آزادی بنیادی حق، قربانیاں رنگ لائیں گی۔ مفتی اعظم فلسطین محمد احمد حسین کا ’ سیاست‘کو انٹرویو
… رشید الدین …
حیدرآباد۔/22جون۔ مفتی اعظم فلسطین فضیلۃ الشیخ محمد احمد حسین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد مملکت فلسطین کے قیام اور قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کیلئے جاری فلسطینیوں کی جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی۔ اسرائیلی بربریت اور مظالم فلسطینیوں کے حوصلوں کو پست نہیں کرسکتے۔ سینکڑوں نہتے فلسطینیوں نے آزادی کیلئے جو قربانیاں دی ہیں وہ رائیگاں نہیں جائیں گی اور وہ دن دور نہیں جب فلسطین کے عوام آزادی کے ماحول میں دیگر ممالک کے عوام کی طرح زندگی بسر کریں گے۔ مفتی اعظم فلسطین نے اپنے دورہ حیدرآباد کے موقع پر ’’ سیاست‘‘ کو خصوصی انٹرویو میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یقینا فلسطینی عوام آزمائش کے دور سے گذر رہے ہیں اور انہیں اسرائیل کے مظالم اور مختلف تحدیدات کا سامنا ہے۔ مظالم اور تحدیدات کا مقصد فلسطینیوں کو جدوجہد کے راستے سے روکنا اور آزادی کے خواب کو بھلادینا ہے، لیکن فلسطینی عوام ان ہتھکنڈوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے اور اللہ تعالیٰ کی مدد ضرور شامل حال ہوگی۔ فضیلۃ الشیخ محمد احمد حسین فلسطین کے ساتویں مفتی اعظم ہیں جنہیں فلسطینی صدر محمود عباس نے جولائی 2006ء میں اس عہدہ پر فائز کیا۔ اُن سے قبل فضیلت الشیخ عکرمہ سعید صبری اس جلیل القدر عہدہ پر فائز تھے۔ فلسطین کے مفتی اعظم یروشلم کے تمام مذہبی مقامات بشمول قبلہ اول مسجد اقصیٰ کے نگرانکار ہوتے ہیں۔ مفتی اعظم کے عہدہ پر فائز کئے جانے سے قبل فضیلۃ الشیخ محمد احمد حسین مسجد اقصیٰ کے امام تھے لیکن مفتی اعظم کی حیثیت سے وہ اب خطیب کی ذمہ داری بھی نبھارہے ہیں۔ محمد احمد حسین کے سخت گیر مخالف اسرائیل رویہ کے سبب اسرائیلی حکام نے انہیں 8مئی 2013ء کو گرفتار کرتے ہوئے پوچھ گچھ کی تھی۔

TOPPOPULARRECENT