Monday , July 23 2018
Home / Top Stories / اسرائیلی فائرنگ میں زخمی فلسطینی صحافی مرتضیٰ جاں بحق ، مہلوکین کی تعداد 30

اسرائیلی فائرنگ میں زخمی فلسطینی صحافی مرتضیٰ جاں بحق ، مہلوکین کی تعداد 30

غزہ 7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک معروف فلسطینی صحافی کی آج موت ہوگئی۔ وہ کل اسرائیلی فائرنگ کی زد میں آکر اس وقت زخمی ہو گئے تھے جب وہ اسرائیلی سرحدی علاقے خزاعہ میں ہلاکت خیز مظاہرے کی خبر نگاری کر رہے تھے ۔یاسر مرتضیٰ (30) فلسطینی عین میڈیا کے فوٹوگرافر تھے ۔انہیں غزہ میں ہی دفن کر دیا گیا ہے ۔ مرتضیٰ کے نماز جنازہ میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ سمیت سینکڑوں فسلطینیوں نے شرکت کی۔ مرتضیٰ گزشتہ روز اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطینی مظاہرین کے خلاف فائرنگ کے ایک واقعے میں زخمی ہو گئے تھے ، تاہم بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ۔ غزہ میں اسرائیل مخالف مظاہروں کے جواب میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ کے واقعات میں گزشتہ روز نو افراد ہلاک اور 490 سے زیادہ زخمی ہو گئے ہیں، جس کے بعد یہاں ایک ہفتے سے جاری خراب صورتحال میں مرنے والوں کی تعداد 30 ہو گئی ہے ۔غزہ میں محکمہ صحت کے عہدیداروں کے مطابق جمعہ کو پیش آنے والے واقعے میں 16 اور 17 سال کی عمروں کے دو لڑکے بھی ہلاک ہوئے ۔ فلسطینی صحافی یاسر مرتضیٰ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہفتہ کو علی الصبح دم توڑ گئے ۔بتایا جاتا ہے کہ مرتضیٰ سرحد سے تقریباً ایک سو میٹر سے زائد فاصلے پر موجود تھے اور انھوں نے جیکٹ بھی پہن رکھی تھی جس پر ‘پریس’ لکھا ہوا تھا۔اسرائیلی فوج کا موقف ہے کہ مظاہرین کی طرف سے سرحد کی خلاف ورزی کرنے پر فائرنگ کی گئی۔دوسری جانب ہزاروں فلسطینی ایک ہفتے سے اسرائیل کی سرحد کے قریب احتجاجی کیمپ لگا کر بیٹھے ہوئے ہیں اور اسے ‘واپسی کا ایک عظیم مارچ’قرار دے کر مظاہرین کر رہے ہیں۔اس دوران مظاہرین ٹائروں کو آگ لگا کر سرحد کی طرف دھکیلتے ہوئے نظر آ چکے ہیں اور دوسری جانب سے اسرائیلی فورسز کی طرف سے ان منتشر کرنے کے لیے فائرنگ بھی کی گئی۔یہ فلسطینی اپنے آباؤ اجداد کے ان علاقوں کی طرف واپس جانے کے لیے کوشاں ہیں جو اسرائیل کے معرض وجود میں آنے کے بعد ان علاقوں سے بے دخل کر دیے گئے تھے ۔جمعہ کو ہونے والے مظاہرے میں شریک لوگوں کی تعداد گزشتہ ہفتے سے جاری اس احتجاج میں سب سے زیادہ تھی لیکن یہ تعداد 30 مارچ کو ہونے والے مظاہرے سے کم تھی جس میں 17فلسطینی اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے تھے ۔

TOPPOPULARRECENT