Saturday , November 18 2017
Home / ہندوستان / اسرائیل سے ہندوستان اپنے سفارتی تعلقات منقطع کرے : علمائے کرام

اسرائیل سے ہندوستان اپنے سفارتی تعلقات منقطع کرے : علمائے کرام

ممبئی 24جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) قبلہ اول کی بازیابی اور اسرائیلیوں کے ظلم سے مسلمانوں کو نجات دلانے کیلئے اسرائیل سے ہندوستان اپنے سارے سفارتی تعلقات فوری طور پر منقطع کرے کیونکہ اسرائیل ظالم جابر اور غاصب ہے، ایسے میں اسرائیلیوں کے خلاف مسلمانوں میں اضطراب بھی پایا جارہا ہے ۔قبلہ اول کے تحفظ کے لئے مسلمان ہر طرح سے فلسطینیوں کے ساتھ ہے اس کیلئے اقوام متحدہ سے بھی رابطہ قائم کر کے اسرائیل پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ یہاں ممبئی کی بلال مسجد میں قبلہ اول کے تحفظ کیلئے ایک اہم نشست میں علماء کرام ، ائمہ مساجداور دانشوران نے کیا۔ اس نشست سے خطاب کرتے ہوئے نامور عالم دین مولانا معین الدین اشرف عرف معین میاں نے کہا کہ اسرائیل کے تعلق سے صرف ہم یہ کہنا چاہتے ہیں کہ وہ مسلمان کا ہی دشمن نہیں ہے بلکہ وہ انسانیت کا دشمن ہے اس کا کام ہی اسلحہ جات کی خرید و فروخت ہے پوری دنیا میں یہ اسلحہ کا سوداگرد ہے۔ ائمہ مساجد اپنی اپنی مساجد میں پرامن احتجاج درج کرائیں، شہر کا نظم وضبط بھی برقرار رکھیں، طرح طرح کے ویڈیو اور سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی کی جائے گی اس سے مسلم نوجوانوں کو مشتعل ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے حق میں دعا کی جائے، شعور کے ساتھ مساجد میں تقاریر کے ذریعہ بیداری پیدا کی جائے اور جمہوری طریقہ سے احتجاج کیا جائے اور وزارت خارجہ سے بھی ملاقات کر نے کی کوشش کی جارہی ہے اور اسرائیل سے تعلقات منقطع کر نے کابھی مطالبہ کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT