Wednesday , November 22 2017
Home / دنیا / اسرائیل ۔ فلسطین کشیدگی میں کمی کی جائے: اقوام متحدہ

اسرائیل ۔ فلسطین کشیدگی میں کمی کی جائے: اقوام متحدہ

جنیوا 15 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے شعبہ انسانی حقوق نے آج مقبوضہ فلسطینی سرزمین اور اسرائیل پر ہلاکتوں کے واقعات میں اضافہ پر اظہار تشویش کیا۔ یہاں پر اوسطاً روزانہ ایک شخص ہلاک کیا جارہا ہے اور دونوں ممالک کے قائدین سے اپیل کی کہ وہ فیصلہ کن انداز میں کشیدگی میں کمی کریں تاکہ صورتحال بہتر ہوسکے۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر کے ترجمان سیسل کوئلی نے کہاکہ ہم تصادم کی صورتحال پر مسلسل تشویش کا شکار ہیں کیوں کہ مقبوضہ فلسطین کے علاقہ میں تشدد میں کمی ہوتی نظر نہیں آرہی ہے اور نہ ہی اسرائیل میں تشدد میں کمی آئی ہے حالانکہ بین الاقوامی توجہ اس بحران پر کم ہوچکی ہے لیکن ہلاکتوں، زخمی ہونے والوں اور گرفتاریوں کی تعداد میں کوئی کمی نہیں آئی۔ اوسطاً روزانہ ایک شخص موت کا شکار ہورہا ہے۔ موجودہ کشیدگی اور تصادم اکٹوبر میں شروع ہوا تھا، اب تک جملہ 21 اسرائیلی اور 117 فلسطینی ہلاک ہوچکے ہیں۔ دو غیر ملکی شہری بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔ زخمیوں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمشنر کے دفتر نے اسرائیلیوں کی ہلاکتوں کے جواب میں فوج کے ہاتھوں فلسطینی شہریوں کی ہلاکت پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ حبرون کے علاقہ میں راہگیروں کو بھی ہلاک کردیا گیا۔ مبینہ طور پر اسرائیلیوں کے خلاف 16 حملے کئے گئے تھے اور 16 فلسطینیوں کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا جبکہ ایک فلسطینی فائرنگ سے زخمی ہوا۔ اقوام متحدہ نے بروقت آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے کیوں کہ صیانتی افواج کے عہدیدار غیر متناسب طاقت استعمال کررہے ہیں جس کی وجہ سے لوگ ہلاک اور زخمی ہورہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ یہ پہلی بار نہیں ہے جبکہ اس قسم کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ہم ایسا کرتے ہی رہتے ہیں اب اسرائیلیوں کو ہمارے سوالات کا جواب دینا ہے۔

TOPPOPULARRECENT