Monday , December 18 2017
Home / دنیا / اسرو کا عالمی ریکارڈ ہر ہندوستانی کیلئے باعث فخر : چینی میڈیا

اسرو کا عالمی ریکارڈ ہر ہندوستانی کیلئے باعث فخر : چینی میڈیا

بیجنگ ۔ 16 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اسرو کی جانب سے ایک ہی راکٹ کے ذریعہ 104 سٹیلائٹس لانچ کرنے کے واقعہ کو چینی میڈیا نے شہ سرخیوں میں شائع کیا ہے اور ساتھ ہی ساتھ ہندوستان کی اس بات پر ستائش کی ہیکہ اس نے یہ کارنامہ انجام دے کر یقینا ہندوستانی عوام کا سر فخر سے بلند کردیا۔ یہ کارنامہ ایسے ممالک کیلئے لمحہ فکریہ ہے جو کم بجٹ کے باوجود خلائی کامیابی حاصل کرتے ہیں۔ سرکاری گلوبل ٹائمز نے اپنے اداریہ میں تحریر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہندوستان کا شاید پہلا عالمی ریکارڈ ہے جو اس نے ٹیکنالوجی کے شعبہ میں حاصل کیا لہٰذا ہر ہندوستانی کو اس کارنامہ پر فخر ہونا فطری بات ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ اسی گلوبل ٹائمز نے 2013ء میں ہندوستان پر اس وقت تنقید کی تھی جب مریخ کیلئے منگل یان روانہ کیا گیا تھا۔ چین نے تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہندوستان میں حالانکہ غربت اور ناخواندگی کی شرح بہت زیادہ ہے لیکن اس کے باوجود اسرو نے یہ (مریخ ۔ 2013) کارنامہ انجام دیا۔ تاہم اسرو کی سرگرمیوں کو چینی میڈیا نے ’’محدود‘‘ قراردیا تھا اور اب بھی کم و بیش یہی بات کہی کہ خلائی ٹیکنالوجی کی دوڑ بیک وقت کئی سٹیلائٹس کو لانچ کرنے میں مضمر نہیں تاہم کہنے میں ہمیں کوئی عار نہیں کہ اس کارنامہ کی اہمیت بھی ’’محدود‘‘ ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ ایک طرف چینی میڈیا جہاں ہندوستان کی ستائش کررہا ہے اور اس کارنامہ کو محنت اور جستجو سے حاصل کئے گئے انعام سے تعبیر کررہا ہے وہیں درپردہ تنقید کرنے سے یہ بات بھی واضح ہوجاتی ہیکہ چین کو ہندوستان کی برتری پر کچھ نہ کچھ ’’حسد‘‘ ضرور ہے۔ چین کا دفاعی بجٹ گذشتہ سال 146 بلین ڈالرس تھا جبکہ ہندوستان نے صرف 46 بلین ڈالرس مختص کئے تھے۔

TOPPOPULARRECENT