Saturday , November 25 2017
Home / دنیا / اسلامی دہشت گردی ہی امریکہ کی اصل دشمن : سابق میئر

اسلامی دہشت گردی ہی امریکہ کی اصل دشمن : سابق میئر

کلیولینڈ ۔ 19 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) نیویارک کے سابق میئر روڈی گیلیانی نے اسلامی انتہاء پسندوں کی دہشت گردی کو امریکہ کا سب سے بڑا دشمن قرار دیا اور امریکی شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کے حق میں ووٹ دیں تاکہ دولت اسلامیہ پر غیرمشروط فتح حاصل کی جاسکے۔ ری پبلکن نیشنل کنونشن سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ گذشتہ سات ماہ کے دوران ہم پر اور ہمارے حلیفوں پر ایک دو نہیں بلکہ سات دہشت گردانہ حملے کئے گئے۔ ہمیں اپنے دشمن کی شناخت کرنے پر خوفزدہ نہیں ہونا چاہئے اور یہ دشمن ہے دولت اسلامیہ۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا مطلب پورے عالم اسلام سے نہیں ہے۔ وہ صرف چنندہ اسلامی دہشت گردوں کی بات کررہے ہیں۔ اگر ہم اپنے دشمن کی صحیح شناخت نہیں کریں گے تو اس سے امن پسند، تعلیمیافتہ اور حب الوطن مسلمان متاثر ہوں گے اور ہوسکتا ہیکہ ہم اگر ایسا نہ کریں تو ہمیں سیاسی طور پر غلط قرار دیا جائے جس کے سنگین نتائج بھی سامنے آ سکتے ہیں اور آ بھی چکے ہیں۔ یہی وجہ ہیکہ دشمنوں کی شناخت میں پس و پیش سے ہمارے دشمن ہمیں کمزور سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ڈونالڈ ٹرمپ نے پہلے ہی یہ کہہ دیا ہیکہ سب سے پہلے دشمن کی مناسب شناخت کی جائے۔ ظاہر سی بات ہیکہ اگر آپ کو اپنے دشمن کا پتہ ہی نہیں ہے تو کیا آپ اندھیرے میں تیر چلائیں گے یا ہواؤں سے لڑیں گے؟ لہٰذا دولت اسلامیہ کے دہشت گردوں کو اگر ہمیشہ کے لئے پسپا کرنا ہے تو ایسی حکمت عملی تیار کی جائے کہ وہ اپنے دفاع پر مجبور ہوجائیں۔ اگر انہوں نے ہمارے خلاف اعلان جنگ کردیا ہے تو ہمیں بھی خاموش نہیں بیٹھنا چاہئے بلکہ ان کے خلاف محاذ آرائی کرتے ہوئے غیرمشروط فتح حاصل کرنی چاہئے۔

TOPPOPULARRECENT