Sunday , December 17 2017
Home / دنیا / اسلام پرستوں سے ذاکر نائک کے رابطوں کی تحقیقات

اسلام پرستوں سے ذاکر نائک کے رابطوں کی تحقیقات

پیس ٹی وی بنگلہ پر امتناع کا فیصلہ حکومت بنگلہ دیش کے زیرغور
ڈھاکہ ۔ /9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت بنگلہ دیش نے آج کہا کہ وہ ہندوستان کے متنازعہ دین مبلغ ذاکر نائک سے اسلام پرستوں کے رابطوں کی تحقیقات کررہی ہے اور اس ملک میں اندرون ایک ہفتہ 25 افراد کی ہلاکت کا سبب بننے والے دو بہیمانہ دہشت گرد حملوں کے پیش نظر ان (نائک) کی اشتعال انگیز تقاریر پر امتناع کے امکانات کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ وزیر داخلہ اسد الزماں خاں نے کہا کہ بنگلہ دیشی انٹلیجنس ایجنسیاں اس اسلامی مبلغ کے بارے میں تحقیقات کررہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ وہ (نائک) ہماری سکیورٹی کی نظر میں ہے ۔ ہماری انٹلیجنس ایجنسیاں ان کی سرگرمیوں کی تحقیقات کررہی ہیں کیونکہ ان کے لکچرس اشتعال انگیز ثابت ہوئے ہیں ‘‘ ۔ اسد الزماں نے کہا کہ تحقیقات کنندگان ، بنگلہ دیش میں ذاکر نائک کی مالیاتی معاملتوں کے بارے میں بھی تحقیقات کررہے ہیں ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ’’پیس ٹی وی بنگلہ ‘‘ پر پابندی عائد کرنے کے بارے میں حکومت بنگلہ دیش ہنوز کوئی فیصلہ نہیں کی ہے ۔ لیکن وزیر اطلاعات و نشریات حسن الحق اینو نے کہا ہے کہ ذاکر نائک کی متنازعہ تقاریر کے پیش نظر حکومت ان (نائک) کے ’’پیس ٹی وی بنگلہ ‘‘ پر امتناع عائد کرنے کے امکانات کاجائزہ لے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’اس ضمن میں فیصلہ کرنے کیلئے ہمیں مزید کچھ وقت دیجئے ۔ لیکن میں آپ سے کہہ سکتا ہوں کہ ان کی تقاریر کے اشتعال انگیز مواد کے بارے میں شکایات موصول ہورہی ہیں ‘‘ ۔

TOPPOPULARRECENT