Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / اسلام کے حیات آفریں پیغام میں ہر پہلو کی ہدایت

اسلام کے حیات آفریں پیغام میں ہر پہلو کی ہدایت

اجتماعی شادیاں ، مولانا عبدالحمید نظامی و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔/17ستمبر، ( سیاست نیوز) انجمن فلاح معاشرہ کے زیر اہتمام آج سعید فنکشن ہال ، رین بازار یاقوت پورہ میں 6 غریب و مستحق لڑکیوں کی اجتماعی شادیاں انجام پائیں۔ اس تقریب میں دلہا و دلہن کے والدین، رشتہ داروں کے علاوہ معززین شہر نے شرکت کی۔ مولانا محمد عبدالحمید نظامی نے خطبہ نکاح پڑھا اور عاقدین کے حق میں دعا کی۔ صدارت صدر انجمن ڈاکٹر محمد مشتاق علی نے کی۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے مولانا محمد عبدالمجید نظامی، جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف، جناب محمد عبدالسلام، حکیم سید غوث الدین، ڈاکٹر محمد بسم اللہ قادری، جناب محمودالعباد، جناب احمد بن عبدالحق ، عبدالمجید، ڈاکٹر بسم اللہ انصاری نے شرکت کی۔ ڈاکٹر مشتاق علی نے خیرمقدم کیا اور انجمن کی خدمات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ معاشرہ میں جو برائیاں بالخصوص جہیز کی لعنت کو روکنے کیلئے جہاں انجمن سرگرم عمل ہے وہیں ایسی لڑکیاں جو غربت کی وجہ سے بن بیاہی بیٹھی ہوئی ہیں انہیں سہاگ کی نعمت سے مالا مال کیا جارہاہے۔ جناب عابد صدیقی نے کہا کہ اسلام کے حیات آفریں پیغام میں زندگی کے ہر پہلو میں ہدایت ہے اس کے باوجود مسلمانوں کی اکثریت اسلامی تعلیمات سے دوری و اجتناب کررہی ہے اس لئے اپنے میں خوف الہی کو پیدا کرتے ہوئے ایک مثالی کردار اپنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ضروری رسومات کے باعث شادیاں ان دنوں مشکل سے مشکل ہوتی جارہی ہیں اس لئے اس میں آسانیاں پیدا کرنا ہر ایک کا فریضہ ہے۔ ڈاکٹر عبدالمجید نظامی نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں حقوق اللہ و حقوق العباد کو بڑی اہمیت دی گئی ہے۔ اگر حقوق اللہ میں کمی ہوجائے تو معافی ہوسکتی ہے لیکن حقوق العباد میں کسی بھی قیمت میں کمی ہو تو یہ معاف نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے لین دین کو جائز قرار نہیں دیا اس کے برعکس بیوی کے حقوق، رشتہ داروں کے ساتھ صلہ رحمی اور شوہر بیوی کے حقوق دلجوئی کے ساتھ ادا کرنے کی تعلیم دی تاکہ ایک مثالی معاشرہ تیار ہوسکے۔ مسٹر عبدالسلام نے والدین پر زور دیا کہ وہ لڑکیوں اور لڑکوں کو تعلیم سے آراستہ کریں اور صحیح عمر میں شادی کی طرف توجہ دیں۔ ڈاکٹر بسم اللہ خان اور ڈاکٹر انصاری نے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر انجمن کے ذمہ داران و راکین موجود تھے۔ جناب محمد سعید نے اس اہم فریضہ میں شادی خانہ مفت دیا۔ جلسہ کی کارروائی محمد محبوب علی نے چلائی۔ پروگرام کا آغاز قاری کبیر کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ جناب محمد حفیظ الدین قریشی نے نعت پیش کی۔

TOPPOPULARRECENT