Thursday , September 20 2018
Home / شہر کی خبریں / اسلحہ لائسنس رکھنے والوں کو بھی آدھار اندراج کروانے کی شرط

اسلحہ لائسنس رکھنے والوں کو بھی آدھار اندراج کروانے کی شرط

رچہ کنڈہ کمشنریٹ حدود میں تمام لائسنس ہولڈرس کو ہدایت۔ 28 فبروری تک کی مہلت
حیدرآباد۔9فروری(سیاست نیوز) قومی سطح پر اسلحہ لائسنس رکھنے والے افراد کا مکمل ڈاٹا جمع کرنے آدھار کارڈ کے ہلزوم کو یقینی بنانے کی کوشش ہو رہی ہے ۔ رچہ کنڈہ پولیس نے اعلامیہ جاری کرکے کمشنریٹ حدود میں تمام اسلحہ لائسنس رکھنے والوں کو 28فروری تک اپنے آدھار کارڈ کی تفصیلات جمع کروانے کو کہا ہے ۔کمشنر ایم مہیش بھاگوت نے بتایا کہ جن اسلحہ لائسنس کی آدھار تفصیلات وصول نہیں ہونگی ان کو 31مارچ سے منسوخ کردہ لائسنس تصور کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ہولڈرس کے لائسنس کو کارکرد رکھنے انہیں اپنے آدھار کارڈکی تفصیلات کا اندراج کروانا لازمی ہوگا ورنہ ان کے لائسنس کو منسوخ تصور کرکے 31مارچ کے بعد سے ان کے اسلحہ ضبط کرلئے جائیں گے۔ کمشنر رچہ کنڈہ نے بتایا کہ مرکزی وزارت داخلہ کے اعلامیہ ورہنمایانہ خطوط کے پیش نظر تفصیلات جاری کی جا رہی ہیں اور ان تفصیلات کے حصول کے بعد مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے اسلحہ کا لائسنس رکھنے والوں کو منفرد لائسنس نمبر کی اجرائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے رچہ کنڈہ حدود میں تمام لائسنس ہولڈرس سے خواہش کی کہ وہ 28 فروری سے قبل رچہ کنڈہ کمشنر پولیس دفتر سے رجوع ہو کراپنا لائسنس ‘ آدھار کارڈ ‘ پاسپورٹ سائز تصویر‘ پیان کارڈ‘ صداقتنامہ رہائش ‘ اور دیگر دستاویزات جمع کروائیں تاکہ انہیں مرکزی حکومت سے منفرد شناختی نمبر حاصل کرنے میں کوئی دشواری نہ ہونے پائے۔آدھار کارڈ کے لزوم کے متعلق تعطل کے دوران حکومت کی جانب سے اس طرح کے اقدامات پر مختلف گوشوں سے اعتراض کیا جا رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ ریاستی و مرکزی حکومتیں عدالت میں آدھار کارڈ کے متعلق موقف کو نظر انداز کرکے مختلف خدمات کے حصول کیلئے آدھار کارڈ طلب کر رہی ہیں ۔ محکمہ پولیس نے آدھار کارڈ کی طلبی کے سلسلہ میں اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت نے ملک بھر میں اسلحہ کا لائسنس رکھنے والے افراد کا ڈاٹا یکجا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں اقدامات کے طور پر یہ تفصیلات طلب کی جا رہی ہیں جو کہ مرکزی وزارت داخلہ کو روانہ کردی جائیں گی۔

TOPPOPULARRECENT