Tuesday , December 12 2017
Home / Top Stories / اسماعیل ہنیہ حماس کے نئے سربراہ منتخب

اسماعیل ہنیہ حماس کے نئے سربراہ منتخب

غزہ ۔ /6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) غزہ کی پٹی میں اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سابق وزیراعظم اسماعیل ہنیہ کو جماعت کا نیا سربراہ منتخب کر لیا گیا ہے۔وہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں جلاوطنی کی زندگی گزارنے والے حماس کے رہ نما خالد مشعل کی جگہ لیں گے۔ توقع ہے اسماعیل ہنیہ غزہ ہی میں مقیم رہیں گے جہاں ان کی جماعت کا سنہ 2007ء سے کنٹرول ہے۔ان کے پیش رو خالد مشعل حماس کے دو مرتبہ سربراہ رہ چکے ہیں اور تیسری مرتبہ انھیں جماعت کیآئین کے تحت منتخب نہیں کیا جاسکتا تھا۔دریں اثناء فلسطین کی ایک اور مزاحمتی تنظیم جہاد اسلامی نے حماس کی اسرائیل کے بارے میں موقف میں نرمی اور 1967ء کی سرحدوں کے اندر فلسطینی ریاست کے قیام کو تسلیم کرنے سے متعلق نئی پالیسی کو مسترد کردیا ہے۔اسلامی جہاد کے نائب سربراہ زیاد النخلہ نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ آزادی کی جدوجہد میں حماس کے بھائیوں کے ساتھ شراکت دار کی حیثیت سے ہمیں ان کی جانب سے جاری کردہ نئی دستاویز پر تشویش لاحق ہے‘‘۔انھوں نے مزید کہا ’’ ہم حماس کے 1967ء کی سرحدوں میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے موقف کی مخالفت کرتے ہیں اور ہمارے خیال میں اس رعایت سے ہمارے مقاصد کو نقصان پہنچے گا۔اس سے سیاسی تعطل ہی کی راہ ہموار ہوگی اور اس سے نیم دلانہ حل ہی برآمد ہوں گے‘‘۔

TOPPOPULARRECENT