Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / اسمبلی اجلاس و سی بی آئی عدالت سے راہ فراری کے لیے جگن کی پدیاترا

اسمبلی اجلاس و سی بی آئی عدالت سے راہ فراری کے لیے جگن کی پدیاترا

قائد اپوزیشن کے فیصلہ پر اظہار حیرت ، وزیر فینانس رام کرشنوڈو کا بیان
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر فینانس آندھرا پردیش وائی رام کرشنوڈو نے کہا کہ اسمبلی اور سی بی آئی عدالت سے راہ فرار اختیار کرنے کے لیے قائد اپوزیشن جگن موہن ریڈی نے پدیاترا کرنے کا پروگرام بنایا ہے ۔ ریاست کے عوام قائد اپوزیشن کے اس فیصلے سے حیرت زدہ ہیں کیوں کہ عوامی مسائل کو ایوانوں میں پیش کرنے کی گنجائش ہونے کے باوجود صرف اور صرف سیاسی مفادات کے لیے جگن موہن ریڈی کی جانب سے اسمبلی کا بائیکاٹ کیا جارہا ہے ۔ وائی رام کرشنوڈو نے کہا کہ ماہ نومبر میں اسمبلی کا سرمائی اجلاس طلب کرنا روایت ہے ۔ صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی جگن موہن ریڈی کو اس کی اطلاع ہونے کے باوجود عدلیہ اور اسمبلی سے راہ فرار اختیار کرنے کے لیے پدیاترا کا پروگرام بنایا گیا ہے ۔ ان کا ایک ہی مقصد ہے ۔ وہ ایک تیر سے دو نشانہ لگانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قائد اپوزیشن کے لیے جس طرح تجارت ایک کھیل ہے وہ سیاست کو بھی اسی ترازو میں تول رہے ہیں ۔ سیاسی وفاداریوں کی تبدیلی کا بہانہ بناتے ہوئے جگن موہن ریڈی اسمبلی اور عدلیہ دونوں سے بچنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ مگر ریاست کے عوام وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور اس کے منتخب عوامی نمائندوں کو ہرگز معاف نہیں کریں گے ۔ وزیر فینانس نے جگن موہن ریڈی کی جانب سے اپنا خود کا تقابل فلم اسٹار سے سیاستداں بن جانے والے این ٹی آر سے کرنے کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ این ٹی آر عظیم شخصیت تھی ۔ جب کہ جگن موہن ریڈی ملزم نمبر ون ہے ۔ ان دونوں کے درمیان زمین آسمان کا فرق ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT