Saturday , June 23 2018
Home / شہر کی خبریں / اسمبلی میں آج کانگریس ۔ ٹی آر ایس کے ٹکراؤ کا امکان

اسمبلی میں آج کانگریس ۔ ٹی آر ایس کے ٹکراؤ کا امکان

حکومت کو نشانہ بنانے اپوزیشن کا ارادہ ۔ کام کاج کی تکمیل کیلئے حکومت کا منصوبہ

حکومت کو نشانہ بنانے اپوزیشن کا ارادہ ۔ کام کاج کی تکمیل کیلئے حکومت کا منصوبہ
حیدرآباد 22 مارچ ( این ایس ایس ) تلنگانہ اسمبلی کے جاریہ بجٹ اجلاس کے دوران کل پیر کو ہنگامہ آرائی کا امکان ہے کیونکہ اصل اپوزیشن کانگریس اور برسر اقتدار تلنگانہ راشٹرا سمیتی بجٹ تجاویز پر ایک دوسرے سے نمٹنے کی تیاری میں مصروف ہیں۔ بجٹ اجلاس کے کچھ ایام سے اپوزیشن جماعتیں حالانکہ اپنے وجود کا احساس دلا رہی ہیں اور مختلف تجاویز پر احتجاج بھی کیا جا رہا ہے تاہم اب برسر اقتدار جماعت نے صورتحال سے نمٹنے کی تیاری کرلی ہے ۔ ایسے میں اپوزیشن اور سرکاری بنچس کے مابین ٹکراؤ کا امکان ہے ۔ واضح رہے کہ وزیر پارلیمانی امور ٹی ہریش راؤ نے گذشتہ دنوں یہ واضح کردیا تھا کہ جو کوئی ایوان کی کارروائی کے دوران اسپیکر کے پوڈیم تک پہونچنے کی کوشش کریگا اسے مارشلوں کے ذریعہ ایوان سے باہر کردیا جائیگا ۔ کانگریس لیڈر جانا ریڈی کو حکومت کے تئیں نرم رویہ رکھنے کے الزام کا سامنا تھا اور ان پر خود ان کی پارٹی کے قائدین کی تنقیدیں بھی جھیلنی پڑ رہی تھیں۔ تاہم غیر متوقع طور پر انہوں نے گذشتہ دنوں مطالبات زر پر مختصر مباحث کے دوران برسر اقتدار جماعت کے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایوان سے واک آوٹ کیا تھا ۔ علاوہ ازیں قائد اپوزیشن نے سارے سشن کیلئے تلگودیشم کے ارکان کو ایوان سے معطل کئے جانے کے حکومت کے فیصلے پر بھی تنقید کرتے ہوئے اسے غیر جمہوری قرار دیا تھا ۔ عوامی فلاح و بہبود کے کاموں ‘ زراعت کے شعبہ اور دیگر ترجیحی شعبہ جات کے تعلق سے اپوزیشن کو اعتماد میں لینے چندر شیکھر راؤ کے تیقن پر غیر مطمئن اپوزیشن قائدین ایوان میں حکومت کو نشانہ بنانے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ حکومت اب ایوان میں کام کاج کی تکمیل پر توجہ دینا چاہتی ہے کیونکہ اسمبلی میں 26 مارچ کو اور کونسل میں 27 مارچ کو تصرف بل منظور کیا جانا ہے ۔ واضح رہے کہ جانا ریڈی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر کے اس بیان سے مطمئن نہیں تھے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ حکومت نے جو بجٹ تجاویز 1.15 لاکھ کروڑ کی پیش کی تھیں ان کے منجملہ 96,000 کروڑ روپئے حاصل ہو رہے ہیں جو چیف منسٹر نے بیان کئے تھے ۔ کانگریس ‘ٹی آر ایس کو وعدوں کی تکمیل میں ناکامی پر نشانہ بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ باخبر ذرائع کے بموجب ایوان میں اپنی آواز بلند کرنے میں مصروف قائد اپوزیشن جانا ریڈی امکان ہے کہ پیر کو بھی اپنے وجود کا احساس دلانے کی کوشش کرینگے ۔ اس بار امکان ہے کہ وہ حکومت کی ترجیحی شعبوں کو نظر انداز کرنے پر سرزنش کرینگے ۔ کہا جا رہا ہے کہ وہ حکومت کی بجٹ تجاویز کو نشانہ بنائیں گے ۔ اپوزیشن جماعت نے یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ اس نے برسر اقتدار جماعت کی بجٹ تجاویز میں خامیوں کا پتہ چلایا ہے اور وہ انہیں نشانہ بنائیگی ۔ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ جو بجٹ تجاویز پیش کی گئی ہیں وہ حقائق پر مبنی نہیں ہیں بلکہ صرف اعداد و شمار کا الٹ پھیر ہے ۔ جانا ریڈی ‘ اتم کمار ریڈی اور ایم وکرامارکا امکان ہے کہ عوامی مسائل پر حکومت کو نشانہ بنانے اسمبلی کو پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کرینگے ۔

TOPPOPULARRECENT