Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / اسمبلی و کونسل اجلاس پر حکمت عملی، 15 ستمبر کو تلنگانہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس

اسمبلی و کونسل اجلاس پر حکمت عملی، 15 ستمبر کو تلنگانہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس

حیدرآباد /10 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کا 15 ستمبر کو اجلاس منعقد ہوگا، جس میں اسمبلی اور کونسل کے اجلاس کی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ واضح رہے کہ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے قائد اپوزیشن اسمبلی کے جانا ریڈی اور قائد اپوزیشن کونسل محمد علی شبیر کو دہلی طلب کرتے ہوئے تلنگانہ کی تازہ سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا اور ٹی آر ایس حکومت کی کار کردگی، انتخابی منشور پر عمل آوری، کسانوں کے مسائل پر غور کرتے ہوئے اسمبلی اور کونسل کے اجلاس میں عوامی مسائل زوردار طریقے سے پیش کرنے کی ہدایت دی اور سڑکوں پر احتجاج کے علاوہ ایوانوں میں عوامی مسائل پر حکومت کو جھنجھوڑنے کا مشورہ دیا۔ ذرائع نے بتایا کہ 23 ستمبر سے اسمبلی اور کونسل کا اجلاس منعقد ہونے کا امکان ہے، جس کی وجہ سے کانگریس لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں کسانوں کے خودکشی کے واقعات، دلت طبقات میں فی خاندان 3 ایکڑ اراضی کی تقسیم، ڈبل بیڈ روم فلیٹ کے علاوہ دیگر وعدوں پر حکومت کی عدم عمل آوری کا جائزہ لیا جائے گا اور دیگر مسائل کو ایوانوں میں موضوع بنانے کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے صدر نشین و رکن اسمبلی پی کشٹیا کے انتقال کے بعد اکاؤنٹس کمیٹی کا صدر بنانے کانگریس کے کسی سینئر قائد کے نام پر غور اور فیصلہ کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ محبوب نگر کے ضلع پرجا پریشد اجلاس میں کانگریس رکن اسمبلی پر ٹی آر ایس رکن اسمبلی کے حملہ کو بھی موضوع بحث بنانے کا امکان ہے، جب کہ کانگریس ارکان اسمبلی اور ارکان قانون ساز کونسل کو مختلف مسائل زیر بحث لانے کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT