Sunday , June 24 2018
Home / شہر کی خبریں / اسمبلی و کونسل میں اقلیتی امور کے سوالات پر چیف منسٹر خود جوابات دیں گے !

اسمبلی و کونسل میں اقلیتی امور کے سوالات پر چیف منسٹر خود جوابات دیں گے !

اجلاس کے آغاز سے قبل قلمدان کی عدم تبدیلی ، چیف منسٹر آفس کا اسٹاف جوابات کی تیاری میں مصروف

اجلاس کے آغاز سے قبل قلمدان کی عدم تبدیلی ، چیف منسٹر آفس کا اسٹاف جوابات کی تیاری میں مصروف
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ توقع ہے کہ قانون ساز اسمبلی اور کونسل میں اقلیتی امور سے متعلق سوالات اور مباحث کا خود جواب دیں گے۔ اقلیتی بہبود کا قلمدان چیف منسٹر نے اپنے پاس رکھا ہے ، جبکہ کابینہ میں موجود اقلیتی نمائندے محمد محمود علی کو ڈپٹی چیف منسٹر کے ساتھ وزارت مال کا قلمدان دیا گیا۔ عام طور پر اسمبلی اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی چیف منسٹر اپنے پاس موجود زائد قلمدان دیگر وزراء میں تقسیم کرتے ہیں تاکہ وہ اسمبلی میں اس سے متعلق سوالات اور مباحث کا جواب دیں۔ گزشتہ دو اسمبلی اجلاس میں چیف منسٹر نے اقلیتی بہبود کا قلمدان اسمبلی اجلاس کی حد تک محمود علی کو الاٹ کیا تھا لیکن اس بار اسمبلی اجلاس کے آغاز کو دو دن گزرنے کے باوجود ابھی تک زائد قلمدان وزراء کو الاٹ نہیں کئے گئے۔ بتایا جاتاہے کہ اقلیتی بہبود کے سلسلہ میں گزشتہ 9 ماہ کے دوران حکومت کی کارکردگی کو لیکر اپوزیشن کی جانب سے تنقیدوں کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر نے اس قلمدان کو اپنے پاس رکھنے کو ترجیح دی ہے۔ اسی دوران اقلیتی بہبود سے متعلق اسمبلی اور کونسل میں پوچھے گئے سوالات کے جوابات چیف منسٹر کے دفتر کے عہدیدار تیار کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر آفس میں اقلیتی امور کے انچارج عہدیدار آج دن بھر اقلیتی بہبود کے عہدیداروں سے ربط میں رہے اور انہوں نے مختلف سوالات کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ چیف منسٹر کے دفتر کی اس سرگرمی کو دیکھتے ہوئے توقع کی جارہی ہے کہ بجٹ سیشن میں چندر شیکھر راؤ ہی اقلیتی امور سے متعلق جواب دیں گے۔ اقلیتی بہبود کے اعلیٰ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کے سکریٹری نے تقریباً 8 سوالات کے سلسلہ میں جوابات اور دیگر تفصیلات طلب کی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT