Wednesday , December 13 2017
Home / شہر کی خبریں / اسمبلی کا اجلاس 50 یوم تک جاری رکھنے پر غور و خوض

اسمبلی کا اجلاس 50 یوم تک جاری رکھنے پر غور و خوض

بزنس اڈوائزری کمیٹی اجلاس میں فیصلہ متوقع ، چیف منسٹر کی گورنر سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : بزنس اڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں 50 دن تک اسمبلی کا سرمائی سیشن چلانے کا فیصلہ کیا جائے گا ۔ 27 اکٹوبر کو ایک اور اجلاس طلب کرتے ہوئے ایجنڈے کو قطعیت دی جائے گی ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے اسمبلی اجلاس میں پیش کئے جانے والے بلز اور آرڈیننس پر تبادلہ خیال کیا ۔ اسمبلی سیکوریٹی کے لیے 3 ہزار سے زائد پولیس کی خدمات سے استفادہ کیا جارہا ہے ۔ کمشنر سٹی پولیس مہیندر ریڈی نے اسمبلی اجلاس کے پیش نظر احکامات جاری کرتے ہوئے 4 کیلو میٹر کے احاطے میں جلوس ، ریالی ، دھرنے وغیرہ پر امتناع عائد کردیا ۔ اسپیکر اسمبلی مدھوسدن چاری کی ناسازی صحت کے باعث ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی نے بزنس اڈوائزری کمیٹی کی صدارت کی ۔ اجلاس میں چیف منسٹر کے سی آر ، وزیر امور مقننہ ہریش راؤ ، گورنمنٹ چیف وہپ کے ایشور ، ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر ، قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی ، ڈپٹی لیڈرس بٹی وکرامارک ، جی چنا ریڈی ، بی جے پی کے فلور لیڈر جی کشن ریڈی ، تلگو دیشم کے رکن اسمبلی ایس وینکٹ ویریا مجلس کے فلور لیڈر اکبر الدین اویسی وغیرہ نے شرکت کی ۔ اجلاس میں چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے اسمبلی کا سرمائی اجلاس 50 دن تک چلانے کے فیصلے سے واقف کرایا ۔ حیدرآباد میں گلوبل انٹرنیشنل بزنس کانفرنس میں وزیراعظم نریندر مودی کی شرکت کے پیش نظر 27 نومبر سے تین دن تک اسمبلی اجلاس ملتوی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ روزانہ 10 تا دوپہر دیڑھ بجے اسمبلی اجلاس چلایا جائے گا ۔ ہفتہ اور اتوار کو تعطیل رہے گی ۔ پہلے ایک گھنٹہ تک وقفہ سوالات پر مباحث ہوگی ۔ کانگریس نے تحریک التواء نوٹس پر وقفہ سوالات سے پہلے مباحث کرنے کا مطالبہ کیا ۔ جس کو حکومت نے مسترد کرتے ہوئے کوئی اہم مسئلہ ہو تو وقفہ صفر کے بعد غور کرنے کا تیقن دیا ۔ کانگریس پارٹی نے 18 مسائل کو موضوع بحث بنانے کی فہرست پیش کی ۔ چیف منسٹر تلنگانہ نے راج بھون پہونچکر گورنر نرسمہن سے ملاقات کی ۔ اسمبلی سیشن میں پیش کئے جانے والے بلز اور آرڈیننس و نئی قانون سازی پر تبادلہ خیال کیا ۔ حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر ایم مہیندر ریڈی نے اسمبلی کی سیکوریٹی کے لیے 3 ہزار سے زیادہ پولیس ملازمین کی خدمات حاصل کی اور اسمبلی کے 4 کیلو میٹر احاطے تک امتناعی احکامات جاری کردیا ۔ 27 اکٹوبر کو صبح 6 بجے سے امتناعی احکامات پر عمل آوری کا آغاز ہوگا ۔ 4 کیلو میٹر کے احاطے میں جلوس ، ریالیاں ، جلسے اور دھرنے منظم کرنے پر امتناع عائد کردیا ۔ امتناعی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT