Monday , August 20 2018
Home / کھیل کی خبریں / اسمتھ اور وارنر پر تاحیات پابندی کا خدشہ

اسمتھ اور وارنر پر تاحیات پابندی کا خدشہ

سڈنی/ ممبئی۔27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )آسٹریلیائی بیٹسمین اسٹیون استمھ اور ڈیوڈ وارنر کے سر پر تاحیات پابندی کی تلوار لٹکنے لگی۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے پہلے ہی بال ٹیمپرنگ کے اعتراف پر کپتان اسٹیون اسمتھ کو اگلے ٹسٹ سے معطل کیا جاچکا ہے تاہم کرکٹ آسٹریلیا کے کوڈ آف کنڈیکٹ کے تحت اسمتھ اور ان کے نائب ڈیوڈ وارنر دونوں پر تاحیات پابندی بھی عائد ہوسکتی ہے۔تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹسٹ میں بال ٹیمپرنگ کا تنازعہ ہوا تھا، اگرچہ اسمتھ نے کہا ہے کہ اس میں پوری لیڈر شپ شامل تھی تاہم اب یہ کہا جارہا ہے کہ اس حرکت میں صرف چند سینئر کھلاڑی ملوث ہیں جبکہ اوپنر کیمرون بینکرافٹ کو گیند کی ساخت خراب کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے نہ صرف اس سارے واقعہ پر عوام سے معافی مانگی جاچکی ہے بلکہ حکومتی حکم پر اسمتھ اور وارنر کو عارضی طور پر قیادت سے برطرف بھی کردیا گیا ہے تاہم حتمی فیصلہ تحقیقات کے بعد کیے جانے کا امکان ہے جس کے لیے بورڈ کے انٹیگریٹی یونٹ کے سربراہ ایان رائے اور ٹیم پرفارمنس منیجر پیٹ ہاورڈ پر مشتمل دو رکنی کمیٹی کیپ ٹاؤن پہنچ گئی ہے۔کرکٹ آسٹریلیا پر اسمتھ اور وارنر کو کپتانی سے برطرف کرنے کیلئے آسٹریلین اسپورٹس کمیشن کا بہت زیادہ دباؤ ہے جبکہ وزیراعظم میلکم ٹرنبل اس حوالے سے خود بورڈ کے چیئرمین ڈیوڈ پویر سے بات بھی کرچکے ہیں۔عوام میں بھی اس حوالے سے شدید غم وغصہ پایا جارہا ہے اور مختلف حلقوں سے ملک کا نام بدنام کرنے پر اسمتھ اور وارنر سمیت تمام ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ زور پکڑرہا ہے۔صورتحال کو دیکھتے ہوئے آئی پی ایل ٹیم راجستھان رائلز نے اسٹیون اسمتھ کو اپنی ٹیم کی قیادت سے ہٹا دیا ہے۔ آئندہ ماہ آئی پی ایل میں اب اس ٹیم کی کپتانی اجنکیا راہنے کریں گے تاہم فرنچائز کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اسمتھ بطور کھلاڑی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے پابندی عائد ہونے یا پھر بی سی سی آئی کے منع کرنے کی ہی صورت میں اسمتھ ایونٹ نہیں کھیل پائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT