Monday , May 21 2018
Home / کھیل کی خبریں / اسمتھ دور حاضر کے سب سے بہترین بیٹسمین:پونٹنگ

اسمتھ دور حاضر کے سب سے بہترین بیٹسمین:پونٹنگ

برسبین۔27 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے کہا ہے کہ اسٹیو اسمتھ بلاشبہ حالیہ دور کے عظیم بیٹسمین ہیں۔ پونٹنگ نے کہا ہے گابا میں کھیلے گئے ایشز سیریز کے پہلے ٹسٹ میں اسمتھ کی سنچری ان کی صلاحیتوں اور کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، یہ ان کے کیریئر کی21 ویں سنچری تھی اور یہ کارنامہ انھوں نے صرف57 ویں ٹسٹ میں ہی انجام دیا۔ پونٹنگ نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اسٹیو اسمتھ اپنے کیریئر کے دوران جدید دور کے عظیم بیٹسمین ہیں، اسمتھ نے اپنے کیریئر کا آغاز اسپن آل راؤنڈر کی حیثیت سے کیا تھا لیکن ان کے کھیل میں اہم تبدیلی 2013-14 کی ایشز سیریز میں نظر آئی تھی جب انھوں نے بولنگ کے ساتھ بیٹنگ میں اپنی صلاحیتیں منوائی تھی۔ ٹسٹ کرکٹ میں اسمتھ کی بیٹنگ اوسط 61.23 ہے جو دنیا میں کسی بھی بیٹسمین کی نہیں ہے اور بلاشبہ وہ موجودہ دور کے سب سے اچھے بیٹسمین ہیں۔ پونٹنگ نے مزید کہا کہ میں نے ان کے کھیل کا بغور جائزہ لیا ہے وہ دنیا کے کسی بھی بولنگ کے خلاف ہر وکٹ پر مرد آہن کا کردار ادا کرنے والے کھلاڑی بن چکے ہیں حالانکہ ان کے شاٹس کھیلنے کا انداز دوسرے بیٹسمینوں سے مختلف ہے بالخصوص ہک، اسٹریٹ اور دیگر شاٹس ان کے آرتھوڈوکس قسم کے ہیں۔رکی پونٹنگ کے بموجب ماضی کے 2 عظیم بیٹسمینوں کا اگر جائزہ لیا جائے تو تنڈولکر اور کیلس جنھوں نے ٹسٹ کرکٹ 15 اور 13 ہزار رنز اسکور کیے ہیں لیکن تنڈولکر نے 200 اور کیلس نے 150 ٹسٹ میچز کھیل کر یہ کارنامہ انجام دیا جبکہ اسمتھ تو ابھی 57 واں ٹسٹ میچ کھیل رہے ہیں اور ان بیٹنگ اوسط سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ وہ مستقبل میں کیا کارہائے نمایاں انجام دیں گے تاہم اب دیکھنا یہ ہے کہ 100 ٹسٹ میچز تک اسمتھ کی کارکردگی کیا ہوگی۔ برسبین میں ان کی اننگز واقعی لاجواب تھی، وہ 520 منٹ تک کریز پر رہے اور ناقابل شکست لوٹے، یہ واقعی ان کی ایک قائدانہ اننگز تھی، میں سمجھتا ہوں کہ ان کی قیادت میں ٹیم انگلینڈ کو ایشز میں وائٹ واش کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT