Wednesday , November 22 2017
Home / شہر کی خبریں / اسوئہ رسولﷺ پر عمل پیرا ہی سے عالم اسلام کے مسلمانوں کو کامیابی

اسوئہ رسولﷺ پر عمل پیرا ہی سے عالم اسلام کے مسلمانوں کو کامیابی

اسوئہ رسولﷺ پر عمل پیرا ہی سے عالم اسلام کے مسلمانوں کو کامیابی
مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی انٹرنیشنل معراج النبی کانفرنس ،مفتی صابر القادری ٗ مفتی منظور احمد ضیائی کے خطابات
حیدرآباد۔5/مئی ( راست ) عالم اسلام کے مسلمان جب تک اسوئہ رسول ﷺ پر مکمل عمل پیرا نہیں ہونگے تب تک کامیاب نہیں ہوسکتے ۔ دورِ حاضر میں اسلام دشمن طاقتیں اسلام کی پاکیزگی اور روحانیت کو متاثر کرکے نوجوان نسل کو گمراہ کرکے اُنکے دلوں سے ایمانی حرارت کو ختم کررہے ہیں اور اُنہیں جدید کلچر کے نام پر تباہ و برباد کررہے ہیں ۔ مسلم لڑکے و لڑکیوں کو بے راہ روی سے روکنے اور اُنہیں دین اسلام کے پاکیزہ راستے پر لانے کیلئے رسول اللہ ﷺ کا اسوئہ حسنہ بہترین ذریعہ ہے ۔ عورت و مرد کے خلط ملط کو روکنے کیلئے اسلام کا عظیم پیغام نبی مکرمﷺ نے عطا کیا ہے ۔ اسی پر چل کر ہم کامیاب ہوسکتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار ممبئی کے مہمان عالم دین ، مفکر اسلام ، اسلامی اسکالر مولانا مفتی منظور احمد ضیائی ( ممبئی) نے کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی انٹرنیشنل معراج النبی ﷺ کانفرنس منعقدہ 4/ مئی گورنمنٹ جونیر کالج گراؤنڈ چنچل گوڑہ سے کیا ۔ کانفرنس کی سرپرستی مولانا سید محمد شاہ قادری ملتانی نے کی ، صدارت مولانا خلیل علی شاہ بابا قادری قدرتی محبوبی اور نگرانی جناب محمد شوکت علی صوفی نے کی ۔ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے مولانا ڈاکٹر سید عبدالمعز قادری شرفی ، ڈاکٹر نادر المسدوسی نے شرکت کی ۔ محمد شاہد اقبال قادری ( صدر کمیٹی ) نے مہمان علماء کرام کا پرجوش استقبال کیا ۔ کانفرنس کا آغاز حافظ و قاری صلاح الدین جاوید کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ بارگاہِ رسالتمآب ﷺ میں ملک محمد اسمٰعیل علی خاں ، محمد خلیل رضا ، محمد فرحت اللہ شریف نے ہدیہ نعت پیش کی۔ نظامت کے فرائض حافظ و قاری شیخ حسین قادری ملتانی نے انجام دئیے ۔ مولانا نے مزید کہا کہ آج اہل حیدرآباد دکن کو معراج النبی کی اس بابرکت رات میں عظیم پیغام یہ ہے کہ وہ اپنی نمازوں کے ذریعہ اپنی مسجدوںکو آباد کریں۔اور صمیم قلب سے رسول اللہ ﷺ کے اسوئہ کو اپنائیں ۔ نیپال کے مہمان مقرر مولانا مفتی صابر القادری معراج النبی ﷺ کے آفاقی پیغام سفر معراج کو قرآن و حدیث کے حوالے سے بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ معراج النبی کے اس آفاقی پیغام کو سمجھیں ،جس میں ہمارے آقا محمد عربی ﷺ نے قیامت تک اُمت مسلمہ کی خیر وبھلائی کے رموز و نکات بیان فرمادئیے ۔ مولانا نے کہا کہ شدید بارش کے باوجود عاشقان رسولﷺ کا یہ ہجوم اس بات کی دلالت دے رہا ہے کہ نبی کے چاہنے والے آندھی و طوفان سے نہیں ڈرتے بلکہ اُنکے لئے اپنے پیارے آقا ﷺ کا تذکرہ دوجہاں سے زیادہ عزیز تر ہے ۔ مولانا نے کہا کہ سفر معراج اور سیر رسول ؐ میں فرق پر کہا کہ سفر وہ ہے جس میں تکلیفیں و مشقتیں برداشت کرنا پڑتا ہے لیکن سیر وہ ہے جس میں ہر ایک چیز سے لطف اندوز ہوتے ہوئے اپنی منزل مقصود تک پہونچا جاتا ہے اور میرے سرکار ﷺ نے ہر ایک آسمانوں کی سیر کرتے ہوئے وہاں تک پہونچے جو مکاں نہیں لا مکاں تھا ۔ مولانا اقبال احمد رضوی القادری نے کہا کہ نوجوان نسل اپنے آپ کو نماز کا پابند بنائے اور اسلامی اصولوں کی پابندی کرکے ہی وہ دین و دنیا میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔مولانا نے کہا کہ دور حاضر میں سائنس اس حد تک ترقی کرچکی ہے کہ وہ چاند پر پہونچ چکے ہیں لیکن ہمارے پیارے آقا ﷺ کو اللہ رب العزت نے جو معراج کروائی نہ تو سائنس کی ترقی کا دور تھا اور نہ ہی دنیا کی ترقی کا ۔ سفر معراج کی حقیقتیں تا قیامت تک بھی سائنس اُس کے ایک نقطے تک نہیں پہونچ سکتی ۔ مولانا نے مزید کہا کہ معراج النبی ؐ کا یہی پیغام ہے کہ اُمت مسلمہ ہر قسم کی گمراہی سے بچ کر اپنے آقا محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرت و اسوئہ پر مکمل عمل پیرا ہوجائے ۔مولانا ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری (نائب صدر کمیٹی ) نے اپنے خطاب میں کہا کہ الحمد للہ کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی مسلسل 21سال سے دین متین کی تبلیغ کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہے ۔ کمیٹی کے اہم ترین مقاصد میں تحفظ ایمان و عقیدہ ، اصلاح و دینی تعلیم کی اہمیت نیز نوجوان نسل کو گمراہی سے بچاکر اُنہیں سچا اور پکا مسلمان اور ایک حقیقی عاشق رسول ﷺ بنانا ہے ۔ جسکے لئے کمیٹی ہمہ تن مصروف ہے نیز مولانا نے خطاب میں کہا کہ آج امت مسلمہ کو جو چیالنجس درپیش ہیں اُنکے حل کیلئے ایمان و عقیدہ کا مضبوط ہونا لازم ہے ۔ سید لئیق قادری ، سید طاہر حسین ، محمد مقبول احمد ، محمد عبدالکریم رضوی ، ملک ابراہیم علی خاں خالد نے انتظامات کئے ۔ آخر میں صلوٰۃ و سلام و عالم اسلام کے مسلمانوں کیلئے رقت انگیز دعا پر کانفرنس کا اختتام عمل میں آیا ۔

TOPPOPULARRECENT