Monday , June 25 2018
Home / شہر کی خبریں / اسٹار ہاسپٹلس نے متنازعہ کیلنڈر سے دستبرداری اختیار کرلی مسلمانوں میں بے چینی کے بعد فیصلہ

اسٹار ہاسپٹلس نے متنازعہ کیلنڈر سے دستبرداری اختیار کرلی مسلمانوں میں بے چینی کے بعد فیصلہ

حیدرآباد۔ 3 فبروری (سیاست نیوز) شہر کے مشہور اسٹار ہاسپٹلس نے متنازعہ کیلنڈر سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کیلنڈر پر بدنام زمانہ سلمان رشدی کی تصویر شائع کی گئی تھی۔ ہاسپٹل کے کیلنڈر برائے سال 2018ء کے جنوری کے پیج پر سلمان رشدی کی تصویر کے ساتھ اس کے ایک قول کو نقل کیا گیا تھا۔ اس سلسلہ میں سوشل میڈیا پرتشویش کے عام ہوتے ہی مسلمانوں میں بے چینی پھیل گئی۔ مختلف گوشوں کی جانب سے اسٹار ہاسپٹلس کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر رنجیت گونی کو توجہ دلائی گئی جس پر انہوں نے ہاسپٹل کی اس غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کیلنڈر سے دستبرداری کا اعلان کیا۔ ایم بی ٹی کے ترجمان امجد اللہ خاں خالد کے مطابق سی ای او اسٹار ہاسپٹل نے اپنے جوابی پیام میں لکھا کہ اسٹار ہاسپٹلس تمام مذاہب اور عقائد کے احترام میں یقین رکھتا ہے۔ کسی مذہب کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں کیا جاتا۔ ہاسپٹل کا یہ ماننا ہے کہ تمام انسانیت کو خدا نے پیدا کیا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کیلنڈر پر سلمان رشد کی تصویر کی اشاعت غیر ارادی ہے اور اگر اس سے ہمارے کسی بھائی بہن کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے تو اس کے لیے ہم سنجیدگی سے معذرت خواہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کیلنڈر کی تقسیم کا کام فوری طور پر روک دیا جائے گا۔ سی ای او نے بتایا کہ ہاسپٹل کی متعلقہ ٹیم کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جہاں کہیں ممکن ہوسکے تقسیم کردہ کیلنڈرس واپس لے لیں۔

TOPPOPULARRECENT