Saturday , November 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / اسٹوکس پاکستان کیخلاف تیسرے ٹسٹ سے باہر

اسٹوکس پاکستان کیخلاف تیسرے ٹسٹ سے باہر

لندن ، 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف 3 اگست کو شروع ہونے والے تیسرے ٹسٹ کیلئے ٹیم کا اعلان کردیا، اور دوسرے ٹسٹ کیلئے ٹیم میں واپسی کرنے والے بین اسٹوکس زخمی ہونے کے باعث اسکواڈ سے باہر ہوگئے ہیں۔ انگلینڈ نے لارڈز ٹسٹ میں ناکامی کے بعد اولڈ ٹرافورڈ میں دوسرے ٹسٹ کیلئے نوجوان بولر جیک بال اور اسٹیون فن کو ٹیم سے باہر کرکے اسٹوکس اور تجربہ کار بولر جیمز اینڈرسن کو 12 رکنی اسکواڈ کا حصہ بنایا تھا۔ پاکستان کے خلاف دوسرے ٹسٹ کے چوتھے روز اسٹوکس زخمی ہوکر میدان سے باہر ہوگئے تھے جبکہ ٹیم نے یہ ٹسٹ جیت کر سیریز 1-1 سے برابر کردی تھی۔ واضح رہے اسٹوکس مئی کے اواخر میں زخمی ہو کر انگلینڈ ٹیم سے باہر ہوگئے تھے جس کے بعد انھوں نے انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں واپسی کی تھی جہاں وہ اپنی فٹنس ثابت کرکے ٹیم میں واپس آئے تھے۔ انگلینڈ ٹیم کے ہیڈ کوچ ٹریور بیلس نے اسٹوکس کی انجری کو ٹیم کیلئے بڑا دھکہ قرار دیا ۔ انھوں نے کہا کہ اسٹوکس ہمارے اہم کھلاڑی ہیں، وہ ٹیم کی توانائی میں اضافہ کرتے ہیں، وہ بیٹنگ اور بولنگ کے علاوہ فیلڈنگ میں بھی نمایاں رہتے ہیں، اس لئے ان کی کمی سے ایک خلا ہوگا۔ اسٹوکس نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں 34 رنز بنائے اور 2 وکٹیں بھی حاصل کئے۔ 25 سالہ آل راؤنڈر کی انجری کا اگلے ہفتے کے اوائل دوبارہ جائزہ لیا جائے گا اور چوتھے ٹسٹ کیلئے اُن کی دستیابی کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ اس دوران عادل رشید 13 رکنی ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے۔ انھیں پہلے ٹسٹ کیلئے شامل نہیں کیا گیا تھا۔ تاہم دوسرے ٹسٹ کے 13 رکنی اسکواڈ میں شامل تھے لیکن حتمی ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے ۔ 3 اگست سے شروع ہونے والے سیریز کے تیسرے میچ کیلئے انگلینڈ کی 13 رکنی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ السٹیرکک (کپتان)، الیکس ہیلز، جوو روٹ، جیمز وینس، گیری بیالنس، کرس ووکس، جونی بیئرسٹو، معین علی، اسٹوارٹ براڈ، جیمز اینڈرسن، اسٹیون فن، جیک بال، عادل رشید۔

TOPPOPULARRECENT