Thursday , February 22 2018
Home / کھیل کی خبریں / اسٹوکس کے متبادل فن بھی ایشز سیریز سے باہر

اسٹوکس کے متبادل فن بھی ایشز سیریز سے باہر

سڈنی۔8 نومبر(سیاست ڈاٹ کام ) انگلش فاسٹ بولر اسٹیون فن فٹنس مسائل کے باعث روایتی حریف آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز سے باہر ہو گئے۔ایشز کے آغاز سے قبل ہی انگلش ٹیم بحران کی صورتحال کا شکار ہو گئی ہے اور تنازعہ کے سبب انگلش ٹیم سے باہر کیے جانے والے بین اسٹوکس کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیے گئے فاسٹ بولر اسٹیون فن بھی زخمی ہونے کے سبب دورے سے باہر ہو گئے ہیں۔فن ویسٹرن آسٹریلیا الیون کے خلاف پہلے ٹور میچ سے قبل ٹریننگ کے دوران گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے۔انگلینڈ ٹیم کے کوچ ٹریور بیلس نے اپنے بیان میں کہا کہ اسکان کی رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ فن کا زخم سنگین نوعیت کا ہے اور انہیں مکمل فٹ ہونے میں وقت لگے گا اس لیے ہم نے انہیں علاج کیلئے واپس وطن بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ معین علی کا زخم سنگین نہیں اور وہ ٹھیک ہیں تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر وہ کرکٹ آسٹریلیا الیون کے خلاف پہلا چار روزہ میچ نہیں کھیلے تھے تاہم وہ آخری وارم اپ میچ میں انگلینڈ الیون کا حصہ ہوں گے۔واضح رہے کہ معین علی بھی ویسٹرن آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچ سے قبل ٹریننگ کے دوران زخمی ہوگئے تھے۔ اسٹیون فن کی جگہ سرے کے 22 سالہ آل راؤنڈر ٹام کوران کو انگلش اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جنہوں نے ابھی تک اپنا پہلا ٹسٹ نہیں کھیلا ہے۔انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کا آغاز 23 نومبر کو برسبین ٹسٹ سے ہو گا۔

TOPPOPULARRECENT