Tuesday , August 21 2018
Home / دنیا / اسٹیل پر ٹیکس سے د یگر ممالک کے ساتھ امریکہ کوبھی نقصان: آئی ایم ایف

اسٹیل پر ٹیکس سے د یگر ممالک کے ساتھ امریکہ کوبھی نقصان: آئی ایم ایف

امریکی صدر کی جانب سے تجارتی جنگ کے اعلان کے بعد عالمی سطح پر مذمت
نیویارک ۔ 3مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے ا سٹیل اور ایلومنیم کی درآمد پر 10 سے 25 فیصد ڈیوٹی عائد کرنے کے مجوزہ اقدام پر سخت تنقید کی ہے۔ڈونالڈ ٹرمپ نے اسٹیل کی درآمد پر 25 فیصد اور ایلومینم کی درآمد پر 10 فیصد ڈیوٹی لگانے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔آئی ایم ایف نے متنبہ کیا ہے کہ اس قسم کے اقدام سے امریکہ کے ساتھ ساتھ دوسرے ممالک کو بھی نقصان ہو گا ۔ ادارے نے کہا ہے کہ دوسرے ممالک بھی اپنی قومی سلامتی کے دفاع کیلئے صدر ٹرمپ کے نقش قدم پر سخت تجارتی پابندیاں عائد کریں گے۔ واضح رہے کہ امریکہ سب سے زیادہ اسٹیل کینیڈا سے خریدتا ہے جبکہ کینیڈا کا کہنا ہے کہ مجوزہ ڈیوٹی سے سرحد کے دونوں جانب نقصان ہو گا۔بہت سے دوسرے ممالک کے ساتھ ساتھ کینیڈا نے بھی کہا ہے کہ اگر صدر ٹرمپ آئندہ ہفتے اپنے اس منصوبے پر پیش رفت کریں گے تو وہ بھی جوابی کارروائی پر غور کریں گے۔اس سے قبل یورپی یونین کے حکام نے کہا کہ اگر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دھاتوں پر بھاری محصول لگایا تو وہ اس کا ’سختی سے‘ جواب دے گی۔ رائٹرکے مطابق یورپ کے وزرائے تجارت امریکہ سے آنے والی ساڑھے تین ارب ڈالر مالیت کی درآمدات پر 25 فیصد ڈیوٹی عائد کرنے پر غور کر رہے ہیں۔عالمی تجارتی ادارے کے سربراہ رابرتو آسویدو نے کہا ہے کہ ‘تجارتی جنگ کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔ اس تنازعہ کو صدر ٹرمپ کی اس ٹویٹ نے مزید ہوا دی جس میں انہوں نے کہا ’’تجارتی جنگیں اچھی ہوتی ہیں ‘‘۔صدر ٹرمپ نے منگل کو جب اسٹیل کی درآمد پر 25 فیصد اور ایلومینم پر 10 فیصد ڈیوٹی عائد کرنے کے منصوبہ کا اعلان کیا تو اس کی بڑے پیمانے پر بین الاقوامی مذمت کی گئی۔ یورپی کمیشن کے سربراہ ڑاں کلود ینکر نے اس کا سخت جواب دینے کا تہیہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ’اگر غیر منصفانہ اقدامات سے ہماری صنعت متاثر ہوئی تو ہم چپ نہیں بیٹھے رہیں گے ‘۔انہوں نے ایک جرمن ٹیلی ویڑن سے بات کرتے ہوئے کہا ’ہم ہارلے ڈیوڈسن (امریکی موٹر سائیکل کمپنی)، بوربن (شراب) اور نیلی جینز لیوائز پر ڈیوٹی لگا دیں گے۔ ’ادھر فرانس کے وزیرِ معیشت نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ تجارتی جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہو گا ۔

TOPPOPULARRECENT