Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / اسٹیٹ مینارٹیز اسٹڈی سرکل کے عمارت کی ہنوز تلاش

اسٹیٹ مینارٹیز اسٹڈی سرکل کے عمارت کی ہنوز تلاش

گن فاونڈری جامعہ نظامیہ کامپلکس کے لیے بات چیت ، بجٹ کی اجرائی بھی باقی
حیدرآباد۔/8ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے مرکزی اور ریاستی حکومت کی ملازمتوں کے علاوہ مسلح افواج اور نیم فوجی دستوں میں اقلیتوں کی نمائندگی میں اضافہ کیلئے تلنگانہ اسٹیٹ میناریٹیز اسٹڈی سرکل کے قیام کا اعلان کیا اور ایک ہفتہ میں اس کے آغاز کی ہدایت دی گئی لیکن ایک ماہ سے زائد عرصہ گذرنے کے باوجود ابھی تک اقلیتی بہبود کے عہدیدار اسٹڈی سرکل کیلئے عمارت کی تلاش میں ہیں۔ واضح رہے کہ 3اگسٹ کو جی او ایم ایس 37جاری کرتے ہوئے اسٹڈی سرکل کے قیام کا اعلان کیا گیا اور ڈپٹی کلکٹر رینک کے ایک عہدیدار کو ذمہ داری سنبھالنے کی ہدایت دی گئی لیکن آج تک حکام کو اسٹڈی سرکل کے آغاز کے لئے عمارت دستیاب نہیں ہوئی۔ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو پہلے تو نگرانکار عہدیدار کی تلاش تھی کیونکہ بتایا جاتا ہے کہ جس ڈپٹی کلکٹر کو اسٹڈی سرکل سنبھالنے کی ہدایت دی گئی انہوں نے اس ذمہ داری کو قبول کرنے سے ابتداء میں انکار کردیا تھا۔ دوسری طرف شہر کے مرکزی مقام پر اسٹڈی سرکل کیلئے موزوں عمارت کی تلاش میں ایک ماہ سے زائد کا وقت گذر گیا۔ آخر کار گن فاؤنڈری میں واقع جامعہ نظامیہ کے کامپلکس کو اسٹڈی سرکل کے آغاز کیلئے منتخب کیا گیا اور جامعہ نظامیہ کے ذمہ داروں سے سکریٹری اقلیتی بہبود نے آج بات چیت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ نظامیہ کے ذمہ دار جس کرایہ کی مانگ کررہے ہیں وہ سرکاری اداروں کے مقررہ کرایہ کی حد سے زیادہ ہے تاہم حکومت کسی طرح کمی بیشی کرتے ہوئے اس عمارت میں اسٹڈی سرکل کے آغاز کا منصوبہ رکھتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اگر محکمہ اقلیتی بہبود کرایہ کے سلسلہ میں جامعہ نظامیہ سے معاہدہ کو قطعیت دیتا ہے تب بھی بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور اسٹڈی سنٹر کے آغاز میں مزید وقت درکار ہوگا۔ واضح رہے کہ حکومت نے سرکاری اور خانگی شعبہ جات میں اقلیتوں کی نمائندگی میں اضافہ کیلئے مختلف کورسیس میں ٹریننگ کیلئے اس سرکل کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو اسٹڈی سرکل کے قیام کی اجازت دی گئی اور اس کے علاوہ درکار اسٹاف کے تقرر اور اخراجات کے طور پر 10لاکھ روپئے جبکہ کوچنگ میٹریل کیلئے 40لاکھ روپئے منظور کئے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت سے بجٹ کی اجرائی ابھی باقی ہے لہذا سنٹر کے قیام میں مزید وقت لگے گا۔ اس سنٹر کے ذریعہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن گروپ I تا IV ، اسٹاف سلیکشن کمیشن، ریلوے ریکروٹمنٹ بورڈ، بینک پروبیشنری آفیسرس، یونین پبلک سرویس کمیشن، آرمڈ فورسیس ریکروٹمنٹ، سنٹرل پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگس، پیرا ملٹری، پولیس، سنٹرل ایکسائیز اور دیگر مسابقتی امتحانات کی کوچنگ کا اہتمام کیا جائے گا، اس کے لئے مختلف شعبہ کے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

TOPPOPULARRECENT