Wednesday , December 13 2017
Home / کھیل کی خبریں / اسپاٹ فکسنگ ‘ اجیت چنڈیلا پر تاحیات پابندی

اسپاٹ فکسنگ ‘ اجیت چنڈیلا پر تاحیات پابندی

ممبئی ۔18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی  نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل ) میں اسپاٹ فکسنگ کے قصوروار کھلاڑی اجیت چنڈیلا پر تاحیات کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ تاحیات پابندی لگانے کا فیصلہ آج ممبئی میں بی سی سی آئی کی انضباطی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ بی سی سی آئی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اجیت چنڈیلا پر بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کی سات دفعات کی خلاف ورزی کا الزام ثابت ہوا ہے۔ بورڈ کے بموجب چنڈیلا کے کرکٹ میچوں یا کھیل سے وابستہ کسی سرگرمی میں شرکت اور بورڈ کے معاملات سے کسی بھی قسم کا تعلق رکھنے پر تاحیات پابندی ہو گی۔ 2013 میں اسپاٹ فکسنگ کے الزامات اور اجیت چنڈیلا سمیت دو دیگر کھلاڑیوں کی گرفتاری سے آئی پی ایل کا چھٹا ایڈیشن تنازعات کا شکار ہوگیا تھا۔ دہلی پولیس نے 16 مئی 2013 کو راجستھان رائلز کے ایس سری سانت، اجیت چنڈیلا اور انکت چوہان اور 16 سٹے بازوں کو میچ فکسنگ کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ دہلی پولیس کے مطابق ان تین کھلاڑیوں نے سٹے بازوں کے ساتھ مل کر پونے واریئرز، کنگز الیون پنجاب اور ممبئی انڈینز کے خلاف کھیلے گئے میچ فکسڈ کئے تھے۔ بعدازاں بی سی سی آئی  نے ستمبر 2013 میں سری سانت اور انکت چوہان پر تاحیات پابندی عائد کر دی تھی جبکہ چنڈیلا پر اب یہ پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی نے چنڈیلا کے علاوہ ایک اور مقامی کھلاڑی ہکن شاہ ہر بھی انٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر پانچ سال کی پابندی لگائی ہے۔ اس کے علاوہ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بورڈ کی انضباطی کمیٹی نے فکسنگ کے معاملے میں پاکستانی امپائر اسد رؤف کا وہ جواب مسترد کر دیا ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ اس معاملے کی تحقیقات شفاف طریقے سے نہیں ہوئی اور اس لئے ایک نیا تحقیقاتی عہدیدار مقرر کیا جائے۔ بی سی سی آئی کے مطابق کمیٹی نے اسد رؤف کو تحریری جواب داخل کرنے کے لئے 9  فروری تک کی حتمی مہلت دی ہے۔

TOPPOPULARRECENT