Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / اسپیڈ پوسٹ سافٹ ویر میں خرابی ، ڈیلیوری پارسلس کا انبار

اسپیڈ پوسٹ سافٹ ویر میں خرابی ، ڈیلیوری پارسلس کا انبار

پوسٹ آفسیس کو تالے ، آئندہ دو دنوں تک مسئلہ کا حل ناممکن ، عوام پریشان حال
حیدرآباد۔22(سیاست نیوز) حیدرآباد میں اسپیڈ پوسٹ کے ذریعہ روانہ کردہ اشیاء اور دستاویزات پوسٹ آفسوں میں ہی پڑے ہوئے ہیں اور ان دستاویزات و پارسلس کی آئندہ دوشنبہ تک روانگی یا ڈیلیوری ممکن نہیں ہوگی ۔ اسپیڈ پوسٹ کے سافٹ وئیر میں ریکارڈ کی گئی خرابی کے سبب شہریان حیدرآباد جو اپنے پاسپورٹ یا دیگر دستاویزات کی بذریعہ پوسٹ آمد کے منتظر ہیں انہیں کوئی مؤثر جواب نہیں دیا جا رہا ہے بلکہ یہ کہتے ہوئے پوسٹ آفس بند رکھے گئے ہیں کہ جب سافٹ وئیر ہی کام نہیں کر رہے ہیں تو کس طرح خدمات انجام دی جائیں؟ محکمہ ڈاک کے عہدیداروں نے بتایا کہ سافٹ ویر میں آنے والی خرابی کے متعلق متعلقہ حکام کو واقف کروادیا گیا ہے اور کہا جارہا ہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران اس مسئلہ کو حل کرلیا جائے گا۔ جوبلی پوسٹ آفس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ مقامی پوسٹ کی بکنگ میں مسائل پیدا ہو رہے ہیں اور اسی وجہ سے کچھ رکاوٹ ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ڈیلیوری میں کوئی مسائل نہیں ہے لیکن پرانے شہر کے بعض پوسٹ آفس کو آج بند رکھا گیا اور اس کا فیصلہ خود پوسٹ آفس کے انچارج کی جانب سے کیا گیا جس کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ای۔میل ‘ ایس ایم ایس اورواٹس اپ کے بعد پیغام رسانی کا عمل پوسٹ کے ذریعہ مفقود ہوچکا ہے لیکن اس کے باوجود دستاویزات پاسپورٹس اور نوٹس وغیرہ کی روانگی کیلئے آج بھی محکمہ ڈاک کو ہی ترجیح دی جاتی ہے اور محکمہ ڈاک اپنی بقاء کیلئے مختلف طریقوں سے جدوجہد میں مصروف ہے لیکن اس کے باوجود محکمہ ڈاک کے عہدیداروں کا یہ رویہ محکمہ کی کارکردگی کو شکوک و شبہات کے دائرہ میں مبتلاء کرتا ہے کیونکہ جہاں محکمہ کے اعلی عہدیدار محکمہ کو بچانے کیلئے حکمت عملی اور منصوبہ بندی کرتے ہوئے اسے عملی جامہ پہنانے کی کوشش کر رہے ہیں وہیں ماتحت عہدیداروں کی کارکردگی محکمہ کی شبیہہ کو متاثر کرنے کا باعث بن رہی ہے۔ خانگی کوریئر سروس کو حاصل ہونے والے فروغ کے متعلق کہا جا رہا ہے کہ محکمہ ڈاک کی اس طرح کی کارکردگی کے سبب ہی عوام اور تاجرین کے علاوہ خانگی دفاتر کی جانب سے محکمہ ڈاک کے بجائے خانگی کمپنیو ںکی خدمات حاصل کی جانے لگی ہے اور اسے محفوظ تصور کیا جارہا ہے

TOPPOPULARRECENT