Friday , June 22 2018
Home / شہر کی خبریں / اسپیکر اسمبلی کی حیثیت سے مدھو سدن چاری بلا مقابلہ منتخب

اسپیکر اسمبلی کی حیثیت سے مدھو سدن چاری بلا مقابلہ منتخب

تلنگانہ تحریک کے جہد کار کے انتخاب پر چیف منسٹر کا اظہار مسرت

تلنگانہ تحریک کے جہد کار کے انتخاب پر چیف منسٹر کا اظہار مسرت

حیدرآباد۔ 10 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے پہلے اسپیکر کی حیثیت سے ٹی آر ایس کے سینئر قائد ایس مدھوسدن چاری کو بلامقابلہ منتخب کرلیا گیا اور آج انہوں نے کرسیٔ صدارت کی ذمہ داری سنبھال لی۔ آج صبح جیسے ہی ایوان کی کارروائی کا آغاز ہوا، عبوری اسپیکر جانا ریڈی نے نئے اسپیکر کے انتخاب کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس عہدہ کیلئے صرف ایک ہی پرچۂ نامزدگی وصول ہوا، لہذا ایس مدھوسدن چاری کا اسپیکر کے عہدہ کیلئے بلامقابلہ انتخاب ہوتا ہے۔ انہوں نے مدھوسدن چاری کے حق میں مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے داخل کردہ پرچۂ جات نامزدگی کا بھی حوالہ دیا۔ متفقہ طور پر انتخاب کے اعلان کے بعد چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے علاوہ ریاستی وزراء اور مختلف پارٹیوں کے فلور لیڈرس نے مدھو سدن چاری کی نشست پر پہنچ کر انہیں مبارکباد پیش کی اور اپنے ساتھ کرسیٔ صدارت تک لے گئے۔ عبوری اسپیکر جانا ریڈی نے نئے اسپیکر کے انتخاب پر مدھوسدن چاری کو بغلگیر ہوکر مبارکباد پیش کی اور انہیں کرسیٔ صدارت حوالے کردی۔ اس موقع پر چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے علاوہ وزیر فینانس ای راجندر، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کے علاوہ کانگریس، تلگو دیشم، بی جے پی اور کمیونسٹ جماعتوں کے ارکان بھی پوڈیم پر موجود تھے۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے مدھوسدن چاری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تلنگانہ تحریک میں اُن کی حصہ داری کو ناقابل فراموش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مدھوسدن چاری ایک غیرمتنازعہ قائد ہیں اور طویل سیاسی تجربہ کے حامل ہیں۔ ٹی آر ایس کے قیام سے لے کر ایجی ٹیشن کے دوران مدھوسدن چاری نے ہر موڑ پر ان کا ساتھ نبھایا۔ کے سی آر نے اُمید ظاہر کی کہ مدھو سدن چاری اسپیکر کے عہدہ کے وقار میں اضافہ کرتے ہوئے ایوان کی کارروائی چلائیں گے۔ (سلسلہ صفحہ 8 )

TOPPOPULARRECENT