Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / اسپیکر کے رویہ پر احتجاج، ایوان سے تلگودیشم پارٹی کا واک آؤٹ

اسپیکر کے رویہ پر احتجاج، ایوان سے تلگودیشم پارٹی کا واک آؤٹ

حیدرآباد۔ 16 ۔ مارچ ( سیاست نیوز) تلگو دیشم پارٹی نے آج تلنگانہ اسمبلی سے واک آؤٹ کرتے ہوئے اسپیکر مدھوسدن چاری کے رویہ پر احتجاج کیا۔ وقفہ سوالات کے آغاز پر اسپیکر نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں سے متعلق سوال سے آغاز کیا۔ سوال پوچھنے والے افراد کی فہرست میں پہلا نام کے پی ویویکانند کا تھا جنہوں نے گزشتہ دنوں تلگو دیشم پارٹی سے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ تلگو دیشم کے فلور لیڈر ریونت ریڈی نے اسپیکر سے کہا کہ یہ سوال اس وقت کا ہے جب ویویکانند تلگو دیشم میں شامل تھے، لہذا ایوان میں موجودہ تلگو دیشم ارکان کو سوال پوچھنے کی اجازت دی جائے۔ ریونت ریڈی اور ان کے ساتھی ایس وینکٹ ویریا نے بارہا اسپیکر سے خواہش کی کہ انہیں ضمنی سوالات کی اجازت دی جائے ۔ تاہم اسپیکر نے موقع دینے سے انکار کردیا اور کانگریس کے دو اور ٹی آر ایس کے ایک رکن کو ضمنی سوالات کی اجازت دی۔ ریونت ریڈی اس سوال کے وزیر فینانس کی جانب سے طویل جواب کے دوران بھی احتجاج کو جاری رکھا۔ اسپیکر نے آخرکار  دوسرے سوال کا اعلان کرتے ہوئے ریونت ریڈی کو موقع نہیں دیا۔ اسپیکر نے کہا کہ سوال کے دستخط دہندگان کو ہی موقع دیا گیا ہے اور ریونت ریڈی کا نام اس میں شامل ہے۔ دوسرے سوال کا جواب شروع ہونے پر ریونت ریڈی اور ان کے ساتھی رکن نے اسپیکر پر جانبداری اور ناانصافی کا الزام عائد کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے اسپیکر کے رویہ کی شکایت کی۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT